پنجاب ریونیو اتھارٹی کے ٹیکس قوانین بارے عملدرآمد کےلئے اقدامات تیز کر دیے ، صارفین کو باقاعدہ ٹیکس رسید جاری کرنے کی ہدایت

پنجاب ریونیو اتھارٹی نے شہریوں کو شفاف ٹیکس ادائیگی کی سہولت فراہم کرنے اور کاروباری مراکز پر ٹیکس قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کےلئے اقدامات تیز کر دیے ،ریسٹورنٹس، ہوٹلز، فوڈ پوائنٹس اور دیگر متعلقہ کاروباری اداروں کو صارفین کو باقاعدہ ٹیکس رسید جاری کرنے اور ٹیکس وصولی میں شفافیت برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے

راولپنڈی۔18اگست (اے پی پی):پنجاب ریونیو اتھارٹی نے شہریوں کو شفاف ٹیکس ادائیگی کی سہولت فراہم کرنے اور کاروباری مراکز پر ٹیکس قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کےلئے اقدامات تیز کر دیے ،ریسٹورنٹس، ہوٹلز، فوڈ پوائنٹس اور دیگر متعلقہ کاروباری اداروں کو صارفین کو باقاعدہ ٹیکس رسید جاری کرنے اور ٹیکس وصولی میں شفافیت برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ترجمان پنجاب ریونیو اتھارٹی کے مطابق ریسٹورنٹس، ہوٹلز اور دیگر کاروباری مراکز میں صارفین کو ادائیگی کے بعد باقاعدہ ٹیکس رسید فراہم کرنا لازم ہے، ہاتھ سے لکھی غیر رسمی یا عارضی رسید کے اجرا کی حوصلہ شکنی کی جا رہی ہے، کاروباری مراکز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ نظام کے تحت درست ٹیکس انوائس جاری کریں تاکہ شہریوں کو ادا کئے گئے ٹیکس کی مکمل تفصیلات دستیاب ہوں۔ترجمان نے بتایا کہ پنجاب بھر میں ریسٹورنٹس، ہوٹلز اور دیگر متعلقہ کاروباری مراکز کے مالکان اور صارفین کو ٹیکس رسید کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کےلئے ہدایات جاری کی گئی ہیں، تمام ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور فوڈ پوائنٹس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صارفین کی رہنمائی کےلئے متعلقہ ہدایات نمایاں جگہ پر آویزاں کریں۔ انہوں نے بتایا کہ تمام فوڈ چینز، ریسٹورنٹس اور ہوٹلز میں صارفین کو باقاعدہ رسید فراہم کی جائے اور رسید پر درج کاروباری ادارے کی معلومات، قابل ٹیکس رقم اور وصول کئے گئے ٹیکس کی تفصیلات واضح ہوں، شہریوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ادائیگی کے بعد اپنی ٹیکس رسید ضرور حاصل کریں اور اس میں درج تفصیلات کو چیک کریں۔کمشنر پنجاب ریونیو اتھارٹی راولپنڈی خالد یامین ستی کی سربراہی میں متعلقہ انفورسمنٹ ٹیمیں ٹیکس قوانین پر عملدرآمد، الیکٹرانک انوائس مانیٹرنگ سسٹم کے نفاذ اور ٹیکس وصولی کے عمل کی نگرانی کر رہی ہیں، اس حوالے سے شہر کے مختلف کاروباری مراکز کا معائنہ بھی کیا جا رہا ہے تاکہ ٹیکس نظام کو مزید شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے۔خالد یامین ستی نے کہا ہے کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی ٹیکس کلچر کے فروغ، ٹیکس نیٹ میں توسیع اور معیشت کو دستاویزی بنانے کےلئے جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر نگرانی کے نظام کو بروئے کار لا رہی ہے، ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی، جعلی انوائسز کے اجرا یا ٹیکس چوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔انہوں نے کاروباری افراد پر زور دیا کہ وہ مقررہ قوانین کے مطابق الیکٹرانک انوائسنگ سسٹم پر عملدرآمد کریں، ہر لین دین پر درست ٹیکس رسید جاری کریں اور قومی خزانے میں واجبات بروقت جمع کرائیں۔ترجمان نے کہا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی کا مقصد شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیکس وصولی کے نظام میں شفافیت یقینی بنانا ہے۔ راولپنڈی میں بھی ٹیکس قوانین پر عملدرآمد کے لیے آگاہی، مانیٹرنگ اور انفورسمنٹ کا سلسلہ جاری رہے گا۔