افغان طالبان کے اقتدار میں واپسی کے پانچ سال مکمل ہونے پر کینیڈا، جرمنی، نیدرلینڈز سمیت مختلف ممالک کے 24 شہروں میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں
افغان طالبان رجیم کےسیاہ دورِ اقتدار کے خلاف عالمی سطح پر احتجاج کی نئی لہر،24شہروں میں ریلیاں اور مظاہرے

مزید خبریں
اسلام آباد۔18اگست (اے پی پی):افغان طالبان کے اقتدار میں واپسی کے پانچ سال مکمل ہونے پر کینیڈا، جرمنی، نیدرلینڈز سمیت مختلف ممالک کے 24 شہروں میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق جرمنی کے مختلف شہروں بون، میونخ، اسٹٹ گارٹ، ہیمبرگ، برلن، کیل، فرینکفرٹ، کولون اور ڈسلڈورف میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ سوئٹزرلینڈ، نیدرلینڈز، فن لینڈ، ناروے، آسٹریا، سویڈن، سپین، پاکستان، کینیڈا اور امریکا میں بھی افغان باشندوں نے احتجاجی مظاہرے کئے۔کئی شہروں میں افغان باشندے سڑکوں پر نکل آئے، طالبان کے خلاف نعرے بازی کی گئی جبکہ احتجاجی کیمپ، پٹیشن مہم اور بھوک ہڑتال بھی کی گئی۔ افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق احتجاجی مظاہروں میں افغان باشندوں نے طالبان رجیم سے تعلقات معمول پر لانے کی مخالفت کرتے ہوئے خواتین کے حقوق کے تحفظ کا مطالبہ کیا۔کینیڈا کے شہر ٹورنٹو کے کوئینز پارک میں افغان مہاجرین کا بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور طالبان کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔مظاہرین نے صنفی امتیاز کے خاتمے، آزادی اظہار و صحافت کے تحفظ اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر طالبان رجیم کو جوابدہ بنانے کا مطالبہ کیا۔
افغان میڈیا کے مطابق ایمسٹرڈیم میں مظاہرین نے نیدرلینڈز اور یورپی یونین سے طالبان کو تسلیم نہ کرنے اور افغان خواتین کے حقوق کو ترجیح دینے کا مطالبہ کیا ۔افغان میڈیا کے مطابق جنیوا میں بھی اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے افغان باشندوں نے احتجاجی ریلی نکالی اور طالبان رجیم کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی ۔ جرمنی کے شہروں اسٹٹگارٹ اور ہیمبرگ میں بھی مظاہرین نے ’’روٹی، کام، آزادی‘‘ کے نعرے لگائے اور عالمی برادری سمیت جرمن حکومت سے طالبان رجیم کو جوابدہ بنانے کا مطالبہ کیا ۔ماہرین کے مطابق دنیا بھر میں طالبان رجیم کے خلاف بڑھتے احتجاج اور مظاہرے اس امر کا واضح اشارہ ہیں کہ عالمی سطح پر طالبان کو قبولیت یا کسی بھی قسم کی نارملائزیشن حاصل نہیں ہوگی۔بیرونِ افغانستان بڑھتی احتجاجی لہر اور ملک کے اندر مزاحمتی تحریکوں میں تیزی طالبان رجیم کے خلاف عوامی ردِعمل میں اضافے اور مستقبل میں اس کے خاتمے کی راہ ہموار ہونے کی علامت ہے ۔








