ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں نے ایک ہی ماہ میں آئی سی سی کے مردوں اور خواتین کے پلیئر آف دی منتھ ایوارڈز اپنے نام کر لئے۔
ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں نے ایک ہی ماہ میں آئی سی سی کے مردوں اور خواتین کے دونوں پلیئر آف دی منتھ ایوارڈز جیت لئے

مزید خبریں
لاہور۔18اگست (اے پی پی):آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ ایوارڈز میں ویسٹ انڈیز نے جولائی کے لیے مردوں اور خواتین دونوں اعزازات اپنے نام کرلیے۔ آئی سی سی ترجمان کے مطابق آل راونڈر جسٹن گریوز نے پہلی مرتبہ پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ جیت لیا جبکہ ویسٹ انڈیز کی کپتان ہیلی میتھیوز نے ریکارڈ پانچویں مرتبہ خواتین کا اعزاز حاصل کیا۔

یہ پہلا موقع ہے کہ ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں نے ایک ہی ماہ میں آئی سی سی کے مردوں اور خواتین کے دونوں پلیئر آف دی منتھ ایوارڈز جیتے ہیں۔ جنوری 2021 میں ایوارڈز کے آغاز کے بعد یہ صرف پانچواں موقع ہے جب کسی ملک نے دونوں اعزازات ایک ساتھ حاصل کیے ہیں۔جسٹن گریوز نے سری لنکا اور پاکستان کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز میں شاندار آل راونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ سری لنکا کے خلاف نارتھ ساونڈ میں دوسرے ٹیسٹ میں انہوں نے 180 رنز کی اہم اننگز کھیل کر ویسٹ انڈیز کو شکست سے بچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ سری لنکا نے پہلی اننگز میں 549 رنز 9 وکٹوں کے نقصان پر بنائے تھے، تاہم گریوز کی مزاحمت کے باعث ویسٹ انڈیز نے دو میچوں کی سیریز 1-0 سے جیت لی۔پاکستان کے خلاف ٹرینیڈاڈ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں گریوز نے گیند سے بھی نمایاں کارکردگی دکھائی اور پہلی اننگز میں 27 رنز دے کر 5 وکٹیں جبکہ دوسری اننگز میں 12 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ویسٹ انڈیز نے یہ ٹیسٹ 90 رنز سے جیت کر سیریز میں برتری حاصل کی۔گریوز نے کہا کہ گھر پر کھیلتے ہوئے جولائی ان کے لیے یادگار رہا اور سری لنکا و پاکستان کے خلاف بیٹ اور بال دونوں سے ٹیم کے لیے کردار ادا کرنا ان کے لیے خاص اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں موثر کارکردگی ہمیشہ ان کے لیے قابل فخر رہے گی اور وہ آنے والے مہینوں میں بھی ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کرنے کے خواہاں ہیں۔دوسری جانب ہیلی میتھیوز نے آئرلینڈ کے خلاف آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کی ون ڈے سیریز میں شاندار کارکردگی کے باعث پانچویں مرتبہ ایوارڈ حاصل کیا۔ انہوں نے سیریز کے پہلے دو میچوں میں سنچریاں اسکور کیں اور تین میچوں میں مجموعی طور پر 265 رنز بنائے۔ ان کی بیٹنگ اوسط 132.50 جبکہ اسٹرائیک ریٹ 117.25 رہا۔میتھیوز نے گیند سے بھی عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے سات وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی بولنگ اوسط 17.57 اور اکانومی ریٹ 4.10 رہا، جبکہ انہوں نے تینوں میچوں میں کم از کم دو وکٹیں حاصل کیں۔ ویسٹ انڈیز نے آئرلینڈ کے خلاف سیریز 3-0 سے اپنے نام کی۔ہیلی میتھیوز نے ایوارڈ جیتنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پانچویں مرتبہ یہ اعزاز حاصل کرنا ان کے لیے پہلے ایوارڈز کی طرح ہی خاص ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی کارکردگی کے ذریعے ویسٹ انڈیز کے لیے مزید کامیابیاں حاصل کرنے اور خواتین کی کرکٹ کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنے کی خواہاں ہیں۔جسٹن گریوز نے انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک اور بنگلہ دیش کے اوپنر تنزید حسن کو شکست دے کر مردوں کا ایوارڈ حاصل کیا، جبکہ ہیلی میتھیوز نے انگلینڈ کی کپتان نیٹ اسکیور برنٹ اور سری لنکا کی بلے باز ہرشیتھا سماراوکرمہ کو پیچھے چھوڑ کر خواتین کا اعزاز اپنے نام کیا۔دونوں کھلاڑیوں کا انتخاب عالمی شائقین کے ووٹ اور سابق بین الاقوامی کھلاڑیوں و میڈیا نمائندگان پر مشتمل ماہر پینل کی رائے کی بنیاد پر کیا گیا۔








