گورنرپنجاب سے چیف الیکشن کمشنر سکند ر سلطان راجہ کی ملاقات، انتخابات میں اصلاحات کے لئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا

گورنر پنجاب سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی ملاقات، انتخابات میں اصلاحات اور شفاف انتخابی عمل کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

لاہور۔18اگست (اے پی پی):گورنرپنجاب سردارسلیم حیدرخان نے کہا کہ ملک میں مستقبل میں ہونے والے انتخابات کا شفاف طریقے سے انعقاد ناگزیر ہے۔

ووٹ کے تقدس کو برقرار رکھنا سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے۔ جمہوری نظام سے ہی ملکی ترقی وابستہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں چیف الیکشن کمشنر سکند ر سلطان راجہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ملاقات میں انتخابات میں اصلاحات کے لئے کئے جانے والے اقدامات بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنرپنجاب نے کہا کہ انتخابی عمل کو موثراور شفاف بنانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسا ضابطہ اخلاق تیار کیا جائے جس سے انتخابی شفافیت میں اضافہ ہو اور قوم کا جمہوری عمل پر اعتماد بڑھے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ الیکشن کے فوری بعد پوری قوم کی نظریں الیکشن کمیشن کے نتائج کی طرف ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوری نظام کے علاوہ کوئی چارہ نہیں اسی میں بہتری ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ قوم چاہتی ہے کہ ملک میں انتخابات کا انعقاد شفاف طریقے سے ہو۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک میں جمہوری نظام کی مضبوطی اور تسلسل پر یقین رکھتی ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک میں حقیقی تبدیلی صرف عوام ہی لاسکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک مستحکم اور جمہوری نظام میں ہرشخص کا فعال کردار بہت ضروری ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ووٹ کے تقدس کو برقرار رکھیں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آئندہ انتخابات سے پہلے ووٹرز کے اندراج کو یقینی بنائیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ووٹ عوام کی امانت ہے اس میں کی گئی خیانت قومیں مدتوں بھگتتی ہیں۔