شمائلہ رانا نے کہا کہ حکومت آئین و قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور عدالت کے فیصلے پر من و عن عمل کیا جائے گا۔
مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ آئین و قانون کی بالادستی کو تسلیم کیا ہے، عدالتی فیصلے پر من و عن عمل ہوگا، شمائلہ رانا

مزید خبریں
اسلام آباد۔18اگست (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن قومی اسمبلی شمائلہ رانا نے کہا ہے کہ حکومت نے ہمیشہ آئین اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھا ہے اور خود کو عدالتوں کے سامنے سرنڈر کیا ہے، عدالت کا جو بھی فیصلہ آیا ہے اس پر من و عن عمل کیا جائے گا۔
منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب معاملہ عدالت کے زیر سماعت تھا تو اس پر بات نہیں کی جا سکتی تھی لیکن اب چونکہ عدالتی فیصلہ سامنے آ چکا ہے، اس لئے ہم اس کا مکمل احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریلیف فراہم کرنے کا سب سے معتبر فورم عدالتیں ہیں، عدالت کسی کو گناہ گار قرار دے یا بے گناہ، ہمیں ہر صورت عدالتی فیصلے تسلیم کرنے ہیں کیونکہ ہم نے کبھی عدالتوں کے فیصلوں کے خلاف مزاحمت نہیں کی۔ایک سوال کے جواب میں رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ اگر کوئی بیمار ہے تو آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اس کا باقاعدہ علاج ہونا چاہئے۔ سینیٹر ناصر بٹ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ ناصر بٹ کی ترجمان نہیں ہیں، میڈیا کو خود ان سے پوچھنا چاہئے کہ انہوں نے کس تناظر میں بات کی ہے، البتہ پارٹی مکمل طور پر ایک ہی صفحے پر ہے۔شمائلہ رانا نے کہا کہ حکومت کی بنیادی ذمہ داری عوامی خدمت ہے اور موجودہ حکومت معیشت کی بحالی اور سفارتی محاذ پر شب و روز کام کر رہی ہے، اس لئے حکومت کو عدالتی فیصلوں سے کوئی خطرہ نہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ کوئی بھی شخص کتنا ہی بااثر یا طاقتور کیوں نہ ہو وہ آئین اور قانون سے بالاتر نہیں ہو سکتا اور سب قانون کے تابع ہیں۔








