کابینہ کمیٹی برائے توانائی نے پاکستان کے نیشنل انٹیگریٹڈ انرجی پلان 2027 تا 2060 کے اعلیٰ سطحی ڈیزائن کی منظوری دے دی

کابینہ کمیٹی برائے توانائی نے پاکستان کے نیشنل انٹیگریٹڈ انرجی پلان 2027 تا 2060 کے اعلیٰ سطحی ڈیزائن کی منظوری دے دی۔

اسلام آباد۔18اگست (اے پی پی):کابینہ کمیٹی برائے توانائی (سی سی او ای) نے پاکستان کے نیشنل انٹیگریٹڈ انرجی پلان 2027 تا 2060 کے اعلیٰ سطحی ڈیزائن کی منظوری دے دی جو منگل کو وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی جانب سے کمیٹی کے اجلاس میں پیش کیا گیا۔

ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق یہ منظوری پاکستان میں مربوط، طویل المدتی اور تمام توانائی شعبوں پر محیط منصوبہ بندی کے موثر نظام کے قیام کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔یہ پلان پاکستان کے توانائی شعبے کی منصوبہ بندی کے لیے ایک جامع فریم ورک فراہم کرے گا جس کے تحت توانائی کے مختلف شعبوں کو الگ الگ دیکھنے کے روایتی طریقہ کار سے آگے بڑھتے ہوئے تمام شعبوں کی باہمی ضروریات اور ترجیحات کو یکجا کیا جائے گا۔ اس کے ذریعے وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان بہتر ہم آہنگی پیدا ہوگی اور توانائی کے وسائل، بنیادی ڈھانچے اور سرمایہ کاری کو زیادہ موثر انداز میں بروئے کار لانے میں مدد ملے گی۔ اعلیٰ سطحی ڈیزائن چار بنیادی ستونوں: توانائی، معیشت، مساوات اور ماحولیات پر مبنی ہے۔توانائی کے تحت محفوظ، قابل اعتماد اور مضبوط توانائی نظام کی تشکیل پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ معیشت کا ستون مسابقتی اور مالی طور پر پائیدار توانائی شعبے کے قیام کو ترجیح دے گا۔ مساوات کے ذریعے توانائی تک جامع، قابل رسائی اور منصفانہ منتقلی کو یقینی بنانے پر توجہ ہوگی جبکہ ماحولیات کے تحت پائیدار، کم کاربن اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھنے والے توانائی کے مستقبل کی بنیاد رکھی جائے گی۔نیشنل انٹیگریٹڈ انرجی پلان سے صارفین اور ملکی معیشت کو بھی نمایاں فوائد حاصل ہونے کی توقع ہے۔ وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان مربوط منصوبہ بندی سے فیصلہ سازی میں موجود تقسیم کو کم کرنے، توانائی کے دستیاب وسائل کے زیادہ موثر استعمال اور سرمایہ کاری کو بہتر انداز میں ترجیح دینے میں مدد ملے گی۔توانائی کے منصوبوں اور بنیادی ڈھانچے میں بہتر ہم آہنگی سے غیر ضروری تکرار سے بچنے، نظام کی کارکردگی بہتر بنانے اور توانائی کی مجموعی لاگت کم کرنے میں مدد ملے گی۔ عام صارف کے لیے اس مربوط منصوبہ بندی کا بنیادی مقصد قابل اعتماد، سستی اور ہر شہری کے لیے قابل رسائی توانائی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ منصوبہ مقامی توانائی کے وسائل کے زیادہ سے زیادہ اور موثر استعمال، قابل تجدید توانائی کے انضمام اور توانائی ذخیرہ کرنے سمیت جدید اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے فروغ میں بھی معاون ہوگا جبکہ معاشی اور تکنیکی طور پر قابل عمل صورت میں مہنگی درآمدی توانائی پر انحصار کم کرنے میں مدد دے گا۔ نیشنل انٹیگریٹڈ انرجی پلان اس امر کو بھی یقینی بنائے گا کہ پاکستان کی مستقبل کی توانائی ترقی ماحولیاتی پائیداری اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی صلاحیت کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو۔ توانائی، معیشت، مساوات اور ماحولیات کے چاروں ستون ایک متوازن فریم ورک فراہم کرتے ہیں جس میں توانائی کا تحفظ، سستی توانائی، عوام تک رسائی اور ماحولیاتی پائیداری کو یکساں اہمیت حاصل ہوگی۔ کابینہ کمیٹی برائے توانائی کی جانب سے اعلیٰ سطحی ڈیزائن کی منظوری نیشنل انٹیگریٹڈ انرجی پلان 2027 تا 2060 کی تشکیل کی جانب ایک اہم ابتدائی قدم ہے۔یہ منصوبہ پاکستان کے لیے محفوظ، معاشی طور پر پائیدار، منصفانہ اور ماحول دوست توانائی کے مستقبل کے لیے ایک طویل المدتی روڈ میپ فراہم کرے گا۔

مزید خبریں