نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت گندم کی درآمد سے متعلق سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے گندم کی درآمد سے متعلق سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔

اسلام آباد۔18اگست (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے منگل کو گندم کی درآمد سے متعلق سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے گندم کی درآمد کے حوالے سے ضروریات کا جائزہ لیا جو تمام صوبوں کی جانب سے فراہم کی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کو ایک ملین میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کے لیے ضروری تیاریاں شروع کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی۔نائب وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت گندم سمیت ضروری اشیائے خورونوش کی مناسب فراہمی اور قیمتوں میں استحکام یقینی بنانے کے لیے صوبوں کی معاونت جاری رکھے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گندم کی درآمد کا پورا عمل مکمل شفافیت کے ساتھ اور تمام صوبوں کے ساتھ قریبی رابطہ و مشاورت سے مکمل کیا جائے۔اجلاس میں وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق، وزیر اقتصادی امور، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، وزیراعظم کے فوڈ سکیورٹی کوآرڈینیٹر، وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق اور وزارت تجارت کے سیکرٹریز سمیت پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی حکومتوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

مزید خبریں