استور ،منی مرگ میں کھلی کچہری، عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا عزم

ضلعی انتظامیہ استور کے زیرِ اہتمام سرحدی علاقہ منی مرگ میں عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں منتخب عوامی نمائندوں، ضلعی انتظامیہ اور مختلف محکموں کے سربراہان نے شرکت کی

استور۔19 اگست (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ استور کے زیرِ اہتمام سرحدی علاقہ منی مرگ میں عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں منتخب عوامی نمائندوں، ضلعی انتظامیہ اور مختلف محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔کھلی کچہری کے دوران منی مرگ اور قمری کے عمائدین نے علاقے کے عوام کو درپیش مختلف مسائل تفصیل سے پیش کیے اور ان کے فوری حل کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا۔کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر استور میڈم نیلم علی نے کہا کہ منی مرگ اور قمری جیسے دور دراز علاقوں میں جغرافیائی دشواریوں اور برزل پاس کی بندش کے باعث عوام کو متعدد مسائل کا سامنا رہتا ہے۔ ضلعی انتظامیہ ان مشکلات کا بخوبی ادراک رکھتی ہے، اسی لیے منتخب قیادت کے تعاون سے عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ دور دراز علاقوں میں رہنے والے غریب اور محنت کش افراد کو اپنے مسائل کے حل کے لیے میلوں دور سفر نہ کرنا پڑے۔ڈپٹی کمشنر استور نے کہا کہ منی مرگ اور قمری کے علاقے طویل عرصے سے دور دراز ہونے اور برزل پاس کی بندش کے باعث مختلف مشکلات کا شکار رہے ہیں۔

تاہم اب ضلعی انتظامیہ کی بھرپور کوشش ہوگی کہ ان علاقوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور یہاں کے مکینوں کو بھی وہ بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں جو دیگر علاقوں کے عوام کو حاصل ہیں۔انہوں نے کھلی کچہری میں شریک مختلف محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے محکموں سے متعلق عوامی مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور مسائل کے ازالے میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر نہ کی جائے۔اس موقع پر تمام متعلقہ محکموں کے سربراہان نے یقین دہانی کرائی کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے ۔اس سے قبل خطاب کرتے ہوئے رکن گلگت بلتستان اسمبلی جسٹس (ر) صاحب خان اور رکن اسمبلی رانا فرمان علی نے کہا کہ منی مرگ اور قمری کے عوام محب وطن، بہادر اور جفاکش ہیں۔ ان علاقوں کے لوگوں نے ملک و قوم کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ منی مرگ اور قمری کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے واضح اور جامع حکمتِ عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ان دور افتادہ علاقوں کے مکینوں کو بھی بنیادی سہولیات اور دیگر ضروری خدمات میسر آسکیں۔منتخب قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی مسائل کے حل اور علاقے کی ترقی کے لیے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر بھرپور کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

اس موقع پر عمائدینِ علاقہ، جن میں عبدالرحمان ثاقب، محمد عالم اور دیگر شامل تھے، نے علاقے کے عوام کو درپیش مسائل پر تفصیلی روشنی ڈالی اور ان کے فوری حل کے لیے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں سے عملی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا۔