نادرا ریجنل ہیڈکوارٹر سرگودھا کے زیرِ اہتمام مال آف سرگودھا میں شہریوں کو نادرا کی سہولیات کی فراہمی کے لیے دو روزہ سہولت کاؤنٹر قائم کر دیا گیا
نادرا ریجنل ہیڈکوارٹر سرگودھا کے زیرِ اہتمام شہریوں کو نادرا کی سہولیات کی فراہمی کے لیے دو روزہ سہولت کاؤنٹر قائم

مزید خبریں
سرگودھا۔ 19 اگست (اے پی پی):نادرا ریجنل ہیڈکوارٹر سرگودھا کے زیرِ اہتمام مال آف سرگودھا میں شہریوں کو نادرا کی سہولیات کی فراہمی کے لیے دو روزہ سہولت کاؤنٹر قائم کر دیا گیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن نادرا سرگودھا ذیشان الحق نے سہولت کاؤنٹر پر شہریوں کو فراہم کی جانے والی نادرا سہولیات کی نگرانی کی اور سروسز کے معیار کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر شہریوں کو نادرا کی جانب سے فراہم کی جانے والی مختلف سہولیات اور خدمات سے بھی آگاہ کیا گیا۔سہولت کاؤنٹر پر آئرس کیپچر کے علاوہ نادرا سے متعلق دیگر سہولیات بھی دستیاب ہیں۔
مال آف سرگودھا میں شاپنگ کے لیے آنے والے شہریوں نے خریداری کے ساتھ ساتھ نادرا کی سہولیات سے بھی فائدہ اٹھایا، جس سے انہیں الگ سے نادرا مرکز جانے کی ضرورت پیش نہیں آئی۔شہریوں نے نادرا کے اس عوام دوست اقدام کو سراہتے ہوئے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شاپنگ کے مقام پر نادرا کی سہولیات دستیاب ہونے سے وقت اور محنت دونوں کی بچت ہوئی ہے۔واضح رہے کہ سرگودھا میں شہریوں کے لیے آئرس کیپچر کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
آئرس کیپچر بائیومیٹرک شناخت کا جدید ذریعہ ہے، جو فیس اور فنگر پرنٹس کے بعد شخصی شناخت اور تصدیق کا تیسرا اہم ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔








