ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا توقیر محمد نعیم نے ایس ڈی پی او آفس سلانوالی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں تھانہ سلانوالی اور تھانہ شاہ نکڈر سے متعلقہ شہریوں نے شرکت کی اور اپنے مسائل و شکایات سے آگاہ کیا
ڈی پی او سرگودھا کی کھلی کچہری،لوگوں کے مسائل سنے اور ازالے کے لیے احکامات جار ی کیے
سرگودھا۔ 19 اگست (اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا توقیر محمد نعیم نے ایس ڈی پی او آفس سلانوالی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں تھانہ سلانوالی اور تھانہ شاہ نکڈر سے متعلقہ شہریوں نے شرکت کی اور اپنے مسائل و شکایات سے آگاہ کیا۔ ڈی پی اونے موصول ہونے والی شکایات کے فوری ازالے کے لیے احکامات جاری کئے۔انہوں نے تھانے میں تفتیش کے میعار کو بہتر بنانے اور مقدمات جلد از جلد میرٹ پر یکسو کرنے احکامات بھی جاری کیے ۔
ڈی پی او نے زیر تفتیش قتل، اقدام قتل، راہزنی، چوری، نقب زنی اور مویشی چوری جیسے سنگین مقدمات کے مدعیان سے بھی ملاقات کی۔ ایس ڈی پی او سلانوالی کو ان مقدمات کی میرٹ اور بروقت یکسوئی کے لیے خصوصی احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر ڈی پی او کا کہنا تھا کہ دور دراز علاقوں میں کھلی کچہریوں کے انعقاد کا مقصد شہریوں کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ شہریوں کی دادرسی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہری بلا روک ٹوک میرے پاس تشریف لائیں اور اپنے مسائل سے آگاہ کریں۔انصاف کی فراہمی ہماری اولین ذمہ داری ہے اور اس ذمہ داری کو پورا کرنے کے لیے سرگودھا پولیس ہر لمحہ کوشاں ہے۔









