پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے ڈسٹرکٹ فٹبال چیمپئن شپ (ڈی ایف سی) 2026 سے قبل ڈسٹرکٹ سیف گارڈنگ فوکل پرسنز کے لیے سیف گارڈنگ ٹریننگ پروگرام جاری رکھتے ہوئے دوسرے بیچ کے شرکاء کے لیے خصوصی آن لائن تربیتی سیشن کا انعقاد کیا، جس میں تمام شرکاء نے شرکت کی۔
پی ایف ایف کا ڈی ایف سی فوکل پرسنز کیلئے سیف گارڈنگ ٹریننگ کے دوسرے بیچ کا انعقاد

مزید خبریں
لاہور۔21اگست (اے پی پی):پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے ڈسٹرکٹ فٹبال چیمپئن شپ (ڈی ایف سی) 2026 سے قبل ڈسٹرکٹ سیف گارڈنگ فوکل پرسنز کے لیے سیف گارڈنگ ٹریننگ پروگرام جاری رکھتے ہوئے دوسرے بیچ کے شرکاء کے لیے خصوصی آن لائن تربیتی سیشن کا انعقاد کیا، جس میں تمام شرکاء نے شرکت کی۔ ترجمان کے مطابق تین بیچز پر مشتمل اس تربیتی پروگرام میں پاکستان بھر کے مختلف اضلاع سے نامزد کیے گئے سیف گارڈنگ فوکل پرسنز شرکت کر رہے ہیں جبکہ ہر بیچ میں مختلف اضلاع کے نمائندگان کو شامل کیا گیا ہے تاکہ چیمپئن شپ سے قبل جامع تیاری کو یقینی بنایا جا سکے۔
یہ اقدام پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی کے اس عزم کا حصہ ہے کہ سیف گارڈنگ نظام کو مزید مضبوط بنایااور ڈی ایف سی 2026 کے دوران ایک محفوظ، باوقار وجامع ماحول کو یقینی بنایا جائے۔دوسرے بیچ کے سیشن میں ڈسٹرکٹ سیف گارڈنگ فوکل پرسنز کو ان کے کردار اور ذمہ داریوں سے آگاہ کرنے، سیف گارڈنگ سے متعلق خدشات کی نشاندہی کرنے اور چیمپئن شپ کے دوران اپنے اپنے اضلاع میں مناسب سیف گارڈنگ اقدامات نافذ کرنے کے حوالے سے تربیت فراہم کی گئی۔پاکستان فٹبال فیڈریشن کے چیف آپریٹنگ آفیسر محمد شاہد نیاز کھوکھر نے سیشن میں شرکت کرنے والے تمام ڈسٹرکٹ سیف گارڈنگ فوکل پرسنز کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ ان کے حوصلہ افزا کلمات میں سیف گارڈنگ کی اہمیت اور فٹبال سے وابستہ تمام افراد کی جانب سے کھلاڑیوں ودیگر شرکا ء کے تحفظ کو یقینی بنانے کی اجتماعی ذمہ داری کو اجاگر کیا گیا۔
سائوتھ ایشیئن فٹبال فیڈریشن (ساف) کی سیف گارڈنگ کوآرڈینیٹر فاطمہ عیشہ نے بھی شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سیف گارڈنگ کے بنیادی تصور سے آگاہ کیا۔ انہوں نے سیف گارڈنگ کے مفہوم، فٹبال میں اس کی اہمیت اور فیفا کے سیف گارڈنگ اصولوں و رہنما ہدایات کے مطابق اس کے نفاذ کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔سیشن کو مزید پاکستان فٹبال فیڈریشن کی سیف گارڈنگ آفیسر عروج سہیل نے آگے بڑھایا، جنہوں نے ڈی ایف سی 2026 کے دوران اختیار کیے جانے والے سیف گارڈنگ پروٹوکولز اور طریقہ کار کی تفصیلی وضاحت کی۔
انہوں نے فیفا کی رہنما ہدایات کے مطابق سیف گارڈنگ اقدامات پر عمل درآمد کے حوالے سے شرکاء کو عملی رہنمائی فراہم کی، جس میں ممکنہ خطرات کی نشاندہی، سیف گارڈنگ سے متعلق خدشات پر مناسب ردعمل اور طے شدہ رپورٹنگ و رسپانس میکانزم پر عمل درآمد شامل تھا۔انٹرایکٹو سیشن کے دوران مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے شرکاء کو عملی چیلنجز پر تبادلہ خیال کرنے اور اپنے اپنے فٹبال ماحول میں سیف گارڈنگ کے معیارات کو موثر انداز میں نافذ کرنے کے طریقوں پر غور کرنے کا موقع بھی ملا۔
ترجمان کے مطابق دوسرے بیچ کی تربیت کی تکمیل کے بعد پی ایف ایف کا سیف گارڈنگ ڈیپارٹمنٹ باقی تربیتی سیشنز کی تیاری جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ پاکستان بھر کے ڈسٹرکٹ سیف گارڈنگ فوکل پرسنز کو ڈی ایف سی2026 کے دوران سیف گارڈنگ کے موثر نفاذ کے لیے ضروری علم، آگاہی اور عملی مہارتوں سے لیس کیا جا سکے۔








