گورنرفیصل کریم کنڈی کا خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں 49 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں میں 49 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

پشاور۔ 21 اگست (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں میں 49 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ ترجمان گورنر ہاؤس پشاور کے مطابق گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا میں بنوں، شمالی وزیرستان، اورکزئی اور خیبر جبکہ بلوچستان میں مستونگ، مچھ، خضدار اور پنجگور میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں قابلِ فخر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے ہیں جوسکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔ گورنرفیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو ہر صورت شکست دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور پوری قوم کو اپنی بہادر فورسز پر فخر ہے۔