پنجاب پولیس کی جانب سے وزیر اعلی مریم نواز کے ”ڈرگ فری پنجاب” ویژن پر عملدرآمد جاری

"ڈرگ فری پنجاب ویژن کے تحت منشیات فروشوں، بڑے ڈیلرز اور سمگلرز کے خلاف پنجاب بھر میں کارروائیاں جاری ہیں۔”

لاہور۔21اگست (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ”ڈرگ فری پنجاب” ویژن کے تحت پنجاب پولیس کی جانب سے صوبہ بھر میں منشیات فروشوں، بڑے ڈیلرز اور سمگلرز کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے منشیات کے بڑے ڈیلرز،سمگلرز اور سپلائی چین میں ملوث عناصر کیخلاف کریک ڈائون مزید تیز کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال صوبہ بھر میں 33 ہزار940 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ33 ہزار542 مقدمات درج کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے 17 ہزار577 کلوگرام چرس،1538 کلوگرام ہیروئن،1137 کلوگرام آئس،750 کلوگرام افیون اور4 لاکھ87 ہزار لیٹر سے زائد شراب برآمد کی گئی۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں رواں سال 4830 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ4675 مقدمات درج کیے گئے۔لاہور میں کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے 1752 کلوگرام چرس،103 کلوگرام ہیروئن، 513 کلوگرام آئس،46 کلوگرام افیون اور 20 ہزار580 لیٹر شراب برآمد کی گئی۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ منشیات کی سپلائی چین میں ملوث تمام ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر سخت سزائیں دلوائی جائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے گرد و نواح میں منشیات فروشی میں ملوث عناصر کیخلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔آئی جی پنجاب نے آن لائن منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث ملزمان کیخلاف بھی سخت ایکشن لینے کا حکم دیا۔