ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی رانا ساجد صفدر نے شہر میں صفائی اور نکاسیٔ آب کے انتظامات کا جائزہ

"راولپنڈی میں صفائی اور نکاسیٔ آب کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کے لیے فیلڈ میں مسلسل نگرانی اور اقدامات جاری ہیں، رانا ساجد صفدر”

راولپنڈی۔ 21 اگست (اے پی پی):ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی رانا ساجد صفدر نے شہر میں صفائی اور نکاسیٔ آب کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے مختلف علاقوں کے دوروں کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رکھا۔

انہوں نے پیرودھائی جنرل بس اسٹینڈ، نالہ لئی، مری روڈ سمیت شہر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور فیلڈ میں جاری زیرو ویسٹ صفائی آپریشن کا معائنہ کیا۔دورے کے دوران منیجر آپریشنز ڈسٹرکٹ راولپنڈی عامر یونس نائیک، منیجر آپریشنز سٹی سید حسن سردار اور دیگر آپریشنل افسران و فیلڈ اسٹاف بھی ایم ڈی کے ہمراہ تھے۔ متعلقہ افسران نے اپنے اپنے علاقوں میں جاری صفائی آپریشن، ویسٹ لفٹنگ، نالیوں کی صفائی اور بارش کے پیش نظر کیے گئے انتظامات کے حوالے سے ایم ڈی رانا ساجد صفدر کو تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رانا ساجد صفدر نے کہا کہ بارشوں کے موجودہ سلسلے کے پیش نظر ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی کا تمام آپریشنل عملہ مکمل طور پر متحرک رہے اور شہریوں کو نکاسیٔ آب اور صفائی کے حوالے سے ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور کسی شکایت کو زیرِ التوا نہ رکھا جائے۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ شہر بھر میں زیرو ویسٹ آپریشن کو مزید مؤثر بنایا جائے اور کسی بھی علاقے میں کوڑے کے ڈھیر نظر نہیں آنے چاہئیں۔ نالیوں کی صفائی کا عمل مسلسل جاری رکھا جائے تاکہ بارش کے پانی کی نکاسی میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو