"ملتان ڈویژن میں عید میلاد النبی ﷺ مذہبی جوش و جذبے سے منانے کے لیے سکیورٹی، صفائی اور دیگر انتظامات مکمل کیے جائیں گے۔”
کمشنر و آر پی اوملتان کی زیر صدارت ڈویژنل امن کمیٹی اجلاس، عید میلاد النبی ﷺ بھرپور مذہبی جوش و جذبے سے منانے کا فیصلہ

مزید خبریں
ملتان۔ 22 اگست (اے پی پی):حکومت پنجاب کی ہدایت پر ملتان ڈویژن میں عید میلاد النبی ﷺ مذہبی جوش و جذبے سے منانے کے لیے سخت ترین سکیورٹی، صفائی اور دیگر انتظامات مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں اور آر پی او ملتان عثمان گوندل کی زیر صدارت ڈویژنل امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم، سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر، علماء کرام، مذہبی قائدین اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی جبکہ ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز اور دیگر افسران ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ سے ہر مسلمان کی بے حد جذباتی وابستگی ہے اور محبت رسول ﷺ و ختم نبوت ﷺ ہمارے ایمان کا لازمی حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور جلوسوں کے روٹس کو بروقت مکمل طور پر قابل استعمال بنایا جائے۔انہوں نے متعلقہ اداروں کو میلاد و جلوسوں کے مقامات پر صفائی اور نکاسی آب کے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عشق رسول ﷺ کا تقاضا ہے کہ صفائی نصف ایمان پر عمل کیا جائے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ جلوسوں کے روٹس پر صفائی برقرار رکھنے اور کچرا مقررہ کنٹینرز میں ڈالنے میں انتظامیہ کا ساتھ دیں۔کمشنر نے بتایا کہ ملتان ڈویژن میں عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں 44 مرکزی میلاد اور 220 مرکزی جلوس منعقد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی حکومت اور شہریوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جبکہ سرکاری پارکس اور عوامی املاک کی حفاظت بھی شہریوں کو یقینی بنانا ہوگی۔آر پی او ملتان عثمان گوندل نے بتایا کہ ربیع الاول شریف کے موقع پر ڈویژن میں 5 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے جبکہ 771 واک تھرو گیٹس اور 756 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مربوط حکمت عملی اختیار کی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ربیع الاول کے موقع پر فول پروف انتظامات کی ہدایات جاری کی ہیں اور ضلعی انتظامیہ اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ پوری انسانیت کے لیے رحمت بن کر آئے اور آپ ﷺ کی آمد سے جہالت کے اندھیرے دور ہوئے اور امن و انصاف کا بول بالا ہوا۔علماء کرام نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ تمام انسانوں کے نبی اور پوری کائنات کے لیے رحمت ہیں۔ نوجوان نسل حضور ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر اپنی اصلاح کرے۔ انہوں نے کہا کہ 12 ربیع الاول تاریخ کا عظیم ترین دن ہے جسے بھرپور مذہبی جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔اجلاس میں مفتی عثمان، علامہ عنایت اللہ رحمانی، مفتی محمد عثمان پسروری، انجینئر سخاوت علی، علامہ عبدالحق مجاہد، قاری اللہ رکھا، مخدوم سید ظہور حسین شمسی اور مخدوم سید عون رضا شمسی سمیت دیگر علماء کرام اور متعلقہ افسران موجود تھے۔







