ایم ڈی ستھرا پنجاب انیل سعید کا اٹک کے دیہی علاقوں کا اچانک دورہ

"دیہی علاقوں میں صفائی کے انتظامات اور ستھرا پنجاب کے ورکرز کی کارکردگی و حاضری کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، انیل سعید”

اٹک۔ 22 اگست (اے پی پی):اٹک میں ایم ڈی ستھرا پنجاب انیل سعید نے ضلع کے دیہی علاقوں کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے ستھرا پنجاب کے ورکرز کی کارکردگی اور حاضری کا جائزہ لیا اور مختلف مقامات پر صفائی کے انتظامات کو چیک کیا۔

ایم ڈی نے موقع پر موجود عملے سے صفائی کے کام اور روزمرہ کی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلات بھی دریافت کیں۔ انیل سعید نے ٹی سی پی یعنی ویسٹ کلیکشن پوائنٹ کا بھی معائنہ کیا اور وہاں موجود انتظامات کا جائزہ لیا۔ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر انہوں نے متعلقہ عملے کو نالوں کی صفائی اور نکاسی آب کے انتظامات پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ ایم ڈی ستھرا پنجاب نے علاقے کو زیرو ویسٹ بنانے کے لیے خصوصی احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ گندگی کے ڈھیر کسی صورت نظر نہیں آنے چاہئیں۔ انہوں نے سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ کام میں کوتاہی کسی قیمت پر برداشت نہیں کی جائے گی اور جو ورکر یا افسر اپنے فرائض میں غفلت برتے گا اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انیل سعید نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق پورے ضلع اٹک کو ماڈل کلین اینڈ گرین بنایا جائے گا اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا یقینی بنایا جائے گا