خواتین کی ترقی پاکستان کی ترقی کا بنیادی تقاضا ہے، فرح ناز اکبر

خواتین کی ترقی پاکستان کی ترقی کا بنیادی تقاضا ہے، خواتین ہماری ثقافت، روایات اور قومی ورثے کی حقیقی محافظ ہیں، فرح ناز اکبر

اسلام آباد۔23اگست (اے پی پی):ممبر قومی اسمبلی، پارلیمانی سیکرٹری برائے قومی ورثہ و ثقافت اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) ویمن ونگ اسلام آباد فرح ناز اکبر نے کہا ہے کہ خواتین کی ترقی صرف خواتین کا مسئلہ نہیں بلکہ پاکستان کی ترقی کا بنیادی تقاضا ہے، خواتین ہماری ثقافت، روایات اور قومی ورثے کی حقیقی محافظ ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کوخواتین کی ترقی، بااختیاری اور معاشرے میں ان کے مؤثر کردار کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ جس معاشرے کی نصف آبادی کو آگے بڑھنے کے مساوی مواقع حاصل ہوں، وہی معاشرہ حقیقی معنوں میں ترقی کر سکتا ہے۔ خواتین کو تعلیم، ہنر، کاروبار، ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل معیشت، سیاست، قیادت اور فیصلہ سازی کے ہر میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔فرح ناز اکبر نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان خواتین تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں بے پناہ صلاحیت رکھتی ہیں۔ اگر انہیں مناسب تربیت، مالی سہولیات، کاروباری مواقع اور مارکیٹ تک رسائی فراہم کی جائے تو وہ نہ صرف اپنے خاندانوں کو معاشی طور پر مضبوط بنا سکتی ہیں بلکہ ملکی معیشت میں بھی اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بالخصوص دیہی اورپسماندہ علاقوں کی خواتین کو ترقی کے عمل میں شامل کرنا ضروری ہے۔ دستکاری، ثقافتی فنون، گھریلو صنعت، ای کامرس اور دیگر ہنر کے ذریعے خواتین کے لیے باعزت روزگار اور معاشی خودمختاری کے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔پارلیمانی سیکرٹری برائے قومی ورثہ و ثقافت نے کہا کہ ہماری خواتین ہماری ثقافت، روایات اور قومی ورثے کی حقیقی محافظ ہیں۔ روایتی ہنر اور ثقافتی فنون کو جدید مارکیٹ سے منسلک کرکے نہ صرف پاکستان کے قومی ورثے کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے بلکہ خواتین کے لیے روزگار اور آمدن کے نئے ذرائع بھی پیدا کیے جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین کی سیاسی شمولیت جمہوریت کو مضبوط بناتی ہے۔ خواتین کو سیاسی عمل، قانون سازی اور فیصلہ سازی میں مؤثر کردار دینا وقت کی ضرورت ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ہمیشہ خواتین کی تعلیم، معاشی خود مختاری اور سیاسی شرکت کو اہمیت دی ہے، اور ہماری ذمہ داری ہے کہ اس وژن کو عملی اقدامات میں تبدیل کیا جائے۔فرح ناز اکبر نے خواتین پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھیں، اپنی آواز مؤثر انداز میں بلند کریں اور اپنے خوابوں کو حقیقت بنانے کے لیے آگے بڑھیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسا پاکستان تشکیل دینا ہے جہاں ہر بیٹی کو تعلیم، ہر عورت کو عزت، ہر ہنرمند خاتون کو روزگار اور ہر باصلاحیت خاتون کو قیادت کا موقع حاصل ہو۔انہوں نے کہا کہ خواتین بااختیار ہوں گی تو خاندان مضبوط ہوگا، خاندان مضبوط ہوگا تو معاشرہ مضبوط ہوگا، اور مضبوط معاشرہ ہی مضبوط پاکستان کی بنیاد بنے گا۔ محترمہ فرح ناز اکبر نےسیمینار کے منتظمین کوخواتین کی ترقی اور بااختیاری جیسے اہم موضوع پر مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی، خواتین کی ترقی سے جڑی ہوئی ہے۔