میلسی میں مردہ گائے کا 100 کلو گوشت تلف، سپلائر کے خلاف مقدمہ

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مردہ جانوروں کا گوشت سپلائی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 100 کلو گرام مردہ گائے کا گوشت تلف کر دیا اور سپلائر کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔

بورےوالا۔ 24 اگست (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مردہ جانوروں کا گوشت سپلائی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 100 کلو گرام مردہ گائے کا گوشت تلف کر دیا اور سپلائر کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔

فوڈ اتھارٹی کے مطابق ڈائریکٹر جنرل کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیم نے تھانہ مترو کی حدود میں ڈکوٹہ کے علاقے میں گاڑی نمبر MNT-1662 کو چیک کیا، جس میں ذبح شدہ مردہ گائے موجود تھی۔ حکام کے مطابق جانور کو ذبح کرنے کے بعد اس کا گوشت علاقے کی مختلف قصابوں کی دکانوں پر سپلائی کرنے کے لیے منتقل کیا جا رہا تھا۔ویٹرنری ڈاکٹر نے گوشت کو انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر قرار دیا، جس کے بعد 100 کلو گرام گوشت تلف کر دیا گیا۔ تھانہ مترو پولیس نے گاڑی کے مالک جاوید علی ولد خورشید احمد، سکنہ موضع ڈکوٹہ، کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ غیر محفوظ اور غیر معیاری گوشت کی سپلائی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ خوراک سے متعلق شکایات سوشل میڈیا یا پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر اطلاع دیں۔