امریکا کی نامور ٹینس سٹار اور ایونٹ کی فورتھ سیڈڈ کوکو گف نے دوسری مرتبہ سنسناٹی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا
کوکو گف نے دوسری مرتبہ ڈبلیو ٹی اے سینسناٹی اوپن ٹینس ٹائٹل جیت لیا
اوہائیو ۔24اگست (اے پی پی):امریکا کی نامور ٹینس سٹار اور ایونٹ کی فورتھ سیڈڈ کوکو گف نے دوسری مرتبہ سنسناٹی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔ ای ایس پی این کے مطابق 22 سالہ امریکی ٹینس سٹار کوکوگف نے خواتین کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میچ میں اپنی ہی ہم وطن ٹینس کھلاڑی جیسیکا پیگولا کو 0-2سیٹس سے شکست دے کر سنسناٹی اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔امریکی ریاست اوہائیو کے شہر سنسناٹی میں جاری ایونٹ میں کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ جاری رہا جس میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملے ۔ خواتین کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میچ میں امریکا کی نامور ٹینس سٹار اور ایونٹ کی فورتھ سیڈڈ کوکو گف نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہم وطن حریف کھلاڑی اور انوٹ کی تھرڈ سیڈڈ جیسیکا پیگولا کو سٹریٹ سیٹس میں 2-6 اور 4-6 سے نہ صرف شکست دی بلکہ دوسری مرتبہ ڈبلیو ٹی اے سینسناٹی اوپن ٹینس ٹائٹل بھی جیت لیا۔ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جیسیکا پیگولا نے دفاعی چیمپئن آئیگا سویٹیک کو جبکہ کوکو گف نے سارہ بیجلک کو شکست دے کر 56 سال میں پہلی بار دو امریکی خواتین کے درمیان سنسناٹی اوپن کا فائنل سجایا تھا۔ اس سے قبل آخری بار 1970 میں روزی کیسالز اور نینسی رچی کے درمیان فائنل کھیلا گیا تھا۔ جیسیکا پیگولا اس سے قبل 2024 میں بھی اس ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچی تھیں جہاں انہیں ارینا سبالینکا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی دونوں کھلاڑیوں کے درمیان ہونے والے مقابلوں کا ریکارڈ 5-5 سے برابر ہو گیا ہے۔میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کوکو گف نے کہا کہ یہ ایک لمبا سفر تھا اور وہ اس کامیابی پر انتہائی خوش ہیں۔ انہوں نے جیسیکا پیگولا کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بہترین کھلاڑی ہیں اور جب انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا تو جیسیکا پیگولا ان چند کھلاڑیوں میں شامل تھیں جنہوں نے ان کے ساتھ بہت اچھا رویہ رکھا تھا۔ دوسری جانب جیسیکا پیگولا نے بھی کوکوگف کے کھیل کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت بہترین فارم اور اعتماد کے ساتھ کھیل رہی ہیں۔ واضح رہے کہ جب کوکو گف نے آخری بار 2023 میں سنسناٹی اوپن جیتا تھا، اس کے بعد انہوں نے اپنا پہلا گرینڈ سلام یو ایس اوپن بھی جیتا تھا۔









