مشاعل بن محمد القرنی سعودی ٹورازم ڈویلپمنٹ فنڈ کی سرکاری ترجمان مقرر

سعودی عرب کے ٹورازم ڈویلپمنٹ فنڈ نے مشاعل بن محمد القرنی کو سرکاری ترجمان مقرر کرنے کا اعلان کر دیا

ریاض۔24اگست (اے پی پی):سعودی عرب کے ٹورازم ڈویلپمنٹ فنڈ نے مشاعل بن محمد القرنی کو سرکاری ترجمان مقرر کرنے کا اعلان کر دیا۔ اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب کے ٹورازم ڈویلپمنٹ فنڈ کی جانب سے گزشتہ روز کی گئی تقرری فنڈ کے کارپوریٹ کمیونیکیشنز کو مضبوط بنانے اور اس کے میڈیا چینلز کو ترقی دینے کے لیے جاری کوششوں کا حصہ ہے۔ اس کا مقصد میڈیا پیغامات کو یکجا کرنا، میڈیا آؤٹ لیٹس اور عوام کے ساتھ رابطے کو بہتر بنانا ہے۔ مشاعل القرنی، اس سے قبل ٹورازم ڈویلپمنٹ فنڈ میں انٹرپرائز رسک گورننس کی ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل کے طور پر کام کر رہی تھیں۔ انہیں گورننس، رسک مینجمنٹ اور کارپوریٹ کمپلائنس کا تجربہ ہے۔ یہ اقدام فنڈ کی کارپوریٹ کمیونیکیشنز میں بہترین طریقوں کو اپنانے اور میڈیا آؤٹ لیٹس کے ساتھ موثر رابطے کا ذریعہ فراہم کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ اس کا مقصد شفافیت کے ساتھ میڈیا کے استفسارات کے فوری اور درست جوابات کو یقینی بنانا ہے۔ یہ کوششیں اس وقت سامنے آئی ہیں جب مملکت میں سیاحتی سرمایہ کاری کو فعال کرنے میں فنڈ کا کردار مسلسل بڑھ رہا ہے۔ سعودی ٹورازم ڈویلپمنٹ فنڈ جون 2020 میں قائم کیا گیا جس کا مقصد سعودی عرب کے اہم مقامات اور بین الاقوامی شراکت داروں کی ممکنہ سیاحتی سرمایہ کاری تک رسائی کو تیز کرنا ہے۔