عوامی مسائل کا حل اور پسماندہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی ترجیحات میں شامل ہے ، فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کا حل اور پسماندہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی ان کی ترجیحات میں شامل ہے، متعلقہ اداروں کے تعاون سے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کا حل اور پسماندہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی ان کی ترجیحات میں شامل ہے، متعلقہ اداروں کے تعاون سے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

پیر کو گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق فیصل کریم کنڈی نے یہ بات پہاڑ پور اور کڑی خیسور کی سیاسی و سماجی شخصیت ماسٹر احمد حسین زمانوخیل کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران کہی جس میں علاقے کے ترقیاتی مسائل، سی فائیو پراجیکٹ میں خیبرپختونخوا کے مزدوروں کو درپیش مشکلات اور سڑکوں و پلوں کی تعمیر و بحالی سے متعلق امور بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے اٹامک انرجی کے سی فائیو پراجیکٹ میں خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے مزدوروں کودرپیش مسائل کے حل کے لیے گورنر فیصل کریم کنڈی کی جانب سے کردار ادا کرنے اور متعلقہ حکام کے ساتھ معاملہ اٹھانے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔گورنر کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کا حل اور پسماندہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی ان کی ترجیحات میں شامل ہے،عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ کرکے تمام ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ملاقات میں علاقے کو درپیش مختلف ترقیاتی و عوامی مسائل اور جاری منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ماسٹر احمد حسین زمانوخیل نے سی آر بی سی پر پرانے پلوں کی تعمیر و بحالی کے حوالے سےگورنر خیبرپختونخوا کی جانب سے واپڈا حکام کو ہدایات جاری کرنے پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کڑی خیسور، ایڈوال پہاڑی روڈ کی تعمیر کا مسئلہ بھی گورنر کے سامنے رکھا اور علاقے کے عوام کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کی درخواست کی۔