قومی اتحاد، معاشی استحکام اور ذمہ دار صحافت وقت کی اہم ضرورت ہے، پارس ڈیرو

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ایم پی اے سردار پارس ڈیرو نے کہا ہے کہ دنیا اس وقت معاشی غیر یقینی جیسے چیلنجز سے دوچار ہے، ایسے عالمی ماحول میں پاکستان کے لیے قومی اتحاد، ذمہ دار عوامی مکالمے اور عالمی معیشت کے ساتھ مضبوط روابط ناگزیر ہیں۔

حیدرآباد۔ 24 اگست (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ایم پی اے سردار پارس ڈیرو نے کہا ہے کہ دنیا اس وقت معاشی غیر یقینی جیسے چیلنجز سے دوچار ہے، ایسے عالمی ماحول میں پاکستان کے لیے قومی اتحاد، ذمہ دار عوامی مکالمے اور عالمی معیشت کے ساتھ مضبوط روابط ناگزیر ہیں۔

ٹنڈو آدم پریس کلب کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیے گئے استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے سردار پارس ڈیرو نے کہا کہ پاکستان کا معاشی مستقبل سیاسی و سماجی استحکام، عوامی خدمت اور عالمی برادری کے ساتھ مضبوط معاشی روابط سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت اور معاشی ترقی پر یقین رکھتی ہے اور ملک کو معاشی مرکز بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے قومی یکجہتی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں ملک کے اندر اتحاد، بھائی چارے اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینا انتہائی ضروری ہے۔ ہم سب پاکستانی اور مسلمان ہیں، ہمیں اپنے اختلافات سے بالاتر ہوکر ملکی اتحاد اور یکجہتی کو مضبوط بنانا ہوگا۔ تقریب میں ٹنڈوآدم پریس کلب کے صدر رانا مختار، جنرل سیکریٹری عاشق حسین ساند اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی ۔