حقیقی فلاح کا راستہ سیرتِ مصطفیﷺ پر عمل پیرا ہوناہے،مقررین

پاکستان مرکزی مسلم لیگ لاہور کے زیر اہتمام جامع القادسیہ میں سیرت النبیﷺکانفرنس کا انعقاد کیا گیا،جس میں علما کرام، مرکزی مسلم لیگ کے رہنماوں، کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی

لاہور۔24اگست (اے پی پی):پاکستان مرکزی مسلم لیگ لاہور کے زیر اہتمام جامع القادسیہ میں سیرت النبیﷺکانفرنس کا انعقاد کیا گیا،جس میں علما کرام، مرکزی مسلم لیگ کے رہنماوں، کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

کانفرنس میں سیرتِ طیبہﷺ کو انفرادی و اجتماعی زندگی کا مرکز بنانے اور پاکستان میں عدل، فلاح،اخوت اور خدمت پر مبنی معاشرے کے قیام کے لیے نبی کریمﷺ کی تعلیمات سے رہنمائی لینے پر زور دیا گیا۔کانفرنس میں مرکزی مسلم لیگ کے جنرل سیکرٹری سیف اللہ قصوری،مدیر شعبہ دعوت و اصلاح حافظ عبدالروف،چیئرمین رابطہ علما مشائخ قاری محمد یعقوب شیخ،مفتی محمد یوسف طیبی، شیخ الحدیث احسان الحق شہباز،مفتی عبداللطیف،ڈپٹی سیکرٹری جنرل خالد نیک گجر،صدر لاہور انجینئر عادل خلیق،جنرل سیکرٹری لاہور چوہدری حمید الحسن گجر، ڈاکٹر بلال شفیق، مولانا ادریس فاروقی، عمر فاروق گجر، حافظ راشد سندھو سمیت دیگر رہنماوں،علما کرام اور عوام نے شرکت کی۔اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج مسلم امہ کو سیرتِ النبیﷺپر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے،ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کیلئے ہمیں اپنی انفرادی زندگی سے لیکر اجتماعی معاملات تک رسول اللہﷺ کی تعلیمات سے رہنمائی لینا ہوگی۔سیرتِ طیبہﷺصرف محبت اور عقیدت کا نام نہیں بلکہ زندگی کے ہر شعبے کیلئے مکمل رہنمائی فراہم کرتی ہے۔

مقررین نے کہا کہ ہمیں نعروں سے زیادہ عملی کردار،دیانت، عدل اور خدمت کی ضرورت ہے۔سیرتِ النبیﷺ ۖ ہمیں ایسا معاشرہ تشکیل دینے کا راستہ دکھاتی ہے جہاں کمزور کو انصاف ملے، حقوق العباد کی پاسداری ہو اور معاشرے کے ہر فرد کی عزت،جان اور مال محفوظ ہو۔سیف اللہ قصوری نے کہا کہ آج امت مسلمہ کو اپنے مسائل کے حل کیلئے اپنی اصل بنیاد کی طرف واپس آنا ہوگا۔ہمیں سیرتِ رسولﷺۖ کو صرف سننے اور بیان کرنے کے بجائے اپنی زندگیوں میں اتارنا ہوگا،کیونکہ حقیقی کامیابی اسی میں ہے کہ ہمارے کردار، معاملات اور اجتماعی رویے نبی کریمﷺ کی تعلیمات کے مطابق ہوں۔کانفرنس کے اختتام پر ملک و قوم، امت مسلمہ اور مظلوم مسلمانوں کی سلامتی، پاکستان کی ترقی و استحکام اور سیرتِ رسولﷺپر حقیقی معنوں میں عمل کی توفیق کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

مزید خبریں