قصور ،حضرت بابا بلھے شاہ کے سالانہ عرس کے انتظامات کا جائزہ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا اور ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان کی زیرِ صدارت پاک وہند کے عظیم صوفی بزرگ حضرت بابا بلھے شاہؒ کے سالانہ عرس کے انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔

قصور۔ 24 اگست (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا اور ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان کی زیرِ صدارت پاک وہند کے عظیم صوفی بزرگ حضرت بابا بلھے شاہؒ کے سالانہ عرس کے انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں عرس کے موقع پر زائرین کو بہترین سہولیات کی فراہمی، سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی ستھرائی، پارکنگ، بجلی، پینے کے صاف پانی، طبی امداد اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر ڈاکٹر محمد کلیم، اسسٹنٹ کمشنرقصور ثاقب ترازی، ڈی ایس پی سٹی، ڈی آئی او قصور نادر علی، ریسکیو 1122، پنجاب فوڈ اتھارٹی، ستھرا پنجاب اتھارٹی، سول ڈیفنس، واسا قصور، لیسکوواپڈا سمیت مختلف سرکاری محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ حضرت بابا بلھے شاہؒ کے عرس کے موقع پر ملک بھر سے آنے والے زائرین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں اور انتظامات کو بروقت مکمل کیا جائے۔

انہوں نے عرس کے دوران صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات، عرس گاہ اور ملحقہ علاقوں میں تجاوزات کے خاتمے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی۔ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان نے عرس کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے، داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ، پارکنگ ایریاز کی نگرانی اور ٹریفک مینجمنٹ کے لیے جامع سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ زائرین کے تحفظ اور سہولت کے لیے پولیس افسران و اہلکار اپنے فرائض پوری ذمہ داری اور مستعدی سے سرانجام دیں گے۔ اجلاس میں عرس کے انتظامات کو مربوط انداز میں مکمل کرنے اور تمام متعلقہ محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا نے ہدایت کی کہ عرس کے تمام انتظامات کو مقررہ وقت سے قبل مکمل کیا جائے تاکہ زائرین کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔