وزیرآباد ،وفاقی حکومت وزیراعظم میاں شہباز شریف کی قیادت میں ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کے لئے عملی اقدامات کررہی ہے، ایم این اے بلال فاروق تارڑ

رکن قومی اسمبلی چوہدری بلال فاروق تارڑ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملکی معیشت کو مستحکم کرنے، سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری سرگرمیوں میں اضافے، توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور عوام کو درپیش معاشی مشکلات میں کمی لانے کیلئے مسلسل عملی اقدامات کر رہی ہے

وزیراباد۔ 24 اگست (اے پی پی):رکن قومی اسمبلی چوہدری بلال فاروق تارڑ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملکی معیشت کو مستحکم کرنے، سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری سرگرمیوں میں اضافے، توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور عوام کو درپیش معاشی مشکلات میں کمی لانے کیلئے مسلسل عملی اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی سربراہی میں صوبائی حکومت بھی عوامی فلاح و بہبود، بنیادی سہولیات کی فراہمی، صحت، تعلیم، زراعت، صنعت، روزگار، انفراسٹرکچر اور شہری خدمات کی بہتری کیلئے جامع ترقیاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔وہ بابائے صحافت پریس کلب وزیرآباد کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے اس موقع پر صدر بابائے صحافت پریس کلب وزیرآباد افتخار احمد بٹ،جنرل سیکرٹری سید ضمیر کاظمی،سرپرست میاں شہباز احمد ،اور وقاص خالد ہاشمی بھی موجود تھے چوہدری بلال فاروق تارڑ نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی کا بنیادی مقصد محض ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرنا نہیں بلکہ ان کے ثمرات براہِ راست عام آدمی تک پہنچانا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت نے مشکل معاشی حالات کے باوجود معیشت کو استحکام دینے کیلئے مالی نظم و ضبط، سرمایہ کاری کے فروغ اور برآمدات میں اضافے کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی پر خصوصی توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔

رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ وزیرآباد شہر اور گردونواح کے علاقوں میں 7 ارب روپے سے زائد مالیت کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، جن میں شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور انفراسٹرکچر کی بہتری کو خصوصی ترجیح دی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری مختلف منصوبوں میں سیوریج سسٹم کی بہتری، صاف پانی کی فراہمی اور شہری انفراسٹرکچر کی بحالی شامل ہے، جن کی تکمیل سے عوام کو بنیادی سہولیات کے حوالے سے درپیش مسائل میں نمایاں کمی آئے گی چوہدری بلال فاروق تارڑ نے کہا کہ وزیرآباد شہر کے اندرونی علاقوں سمیت مواصلاتی نظام کی بہتری کیلئے اہم شاہراہوں پر بھی ترقیاتی کام کرائے گئے ہیں۔ سیالکوٹ روڈ، ڈسکہ روڈ، جی ٹی روڈ، احمد نگر روڈ اور بھروکے چیمہ روڈ سمیت مختلف سڑکوں اور ان کے اطراف میں تعمیر و بحالی کے کاموں سے شہریوں کو آمدورفت کی بہتر سہولیات میسر آ رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت ترقیاتی منصوبوں میں معیار اور شفافیت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ وزیرآباد کی تعمیر و ترقی کیلئے جاری منصوبوں کی تکمیل سے شہر میں شہری سہولیات، مواصلاتی نظام اور بنیادی انفراسٹرکچر مزید بہتر ہوگا۔

رکن قومی اسمبلی چوہدری بلال فاروق تارڑ نے اہلِ اسلام کو جشنِ میلاد النبی ﷺ کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ بابرکت دن ہمیں محبت، اخوت، برداشت، انسانیت اور اتحاد کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے ملکی استحکام، سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا بھی کی۔ملاقات کے دوران صحافیوں اور سیاسی و سماجی امور سمیت وزیرآباد کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔