سرکاری سکیم حج 2027 کیلئے مختص نشستیں صرف سات روز میں مکمل کر لی گئی ہیں ، ترجمان وزارت مذہبی امور

سرکاری سکیم حج 2027 کے لیے مختص نشستیں صرف سات روز میں مکمل کر لی گئی ہیں ، 20 تا 25 روزہ شارٹ حج پیکیج کی نشستیں پہلے 24 گھنٹے کے اندر ہی مکمل ہو گئی تھیں ۔ منگل کو وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق لانگ حج پیکیج کی باقی نشستیں بھی 25 اگست کو دوپہر 12 بجے مکمل ہو گئی ہیں ۔

اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):سرکاری سکیم حج 2027 کے لیے مختص نشستیں صرف سات روز میں مکمل کر لی گئی ہیں ، 20 تا 25 روزہ شارٹ حج پیکیج کی نشستیں پہلے 24 گھنٹے کے اندر ہی مکمل ہو گئی تھیں ۔ منگل کو وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق لانگ حج پیکیج کی باقی نشستیں بھی 25 اگست کو دوپہر 12 بجے مکمل ہو گئی ہیں ۔ حج پورٹل کے ذریعے پرائیویٹ حج سکیم کی بکنگ کوٹہ مکمل ہونے تک جاری ہے،سرکاری حج سکیم 2027 میں نیا ڈیجیٹل نظام، تیز رفتار بکنگ اور عوام کا بھرپور اعتماد، حج انتظامات میں اہم سنگ میل ثابت ہوا ہے ۔

سرکاری حج سکیم کی تمام نشستیں صرف سات روز میں مکمل ہونا تاریخی پیش رفت قرار دی جا رہی ہے ۔ واضح رہے کہ حج واجبات کی وصولی کا عمل 18 اور 19 اگست کی درمیانی شب شروع ہوا تھا ۔ سرکاری حج سکیم کی نشستیں چند ہی روز میں مکمل ہونا عازمین کے بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔ نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تعاون سے تیار ڈیجیٹل حج پلیٹ فارم نے بکنگ کے عمل کو آسان اور موثر بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ پاک حج ایپ اور حج پورٹل کے ذریعے عازمین کو گھر بیٹھے حج کے مراحل مکمل کرنے کی سہولت میسر رہی ۔

ڈیجیٹل نظام کے باعث حج درخواستوں اور واجبات کی وصولی کا عمل پہلے سے زیادہ منظم، شفاف اور تیز رفتار رہا ۔ سرکاری حج سکیم کی تمام نشستوں کا ریکارڈ مدت میں مکمل ہونا وزارت مذہبی امور اور نیشنل آئی ٹی بورڈ کی مشترکہ کاوشوں کا ثمر ہے،مختصر مدت میں سرکاری حج کوٹہ مکمل ہونا وزارت مذہبی امور پر عوام کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی قیادت میں حج انتظامات کو جدید ڈیجیٹل تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کا عمل کامیابی سے جاری ہے ۔