وزیر اعظم نے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کے معاملے پر باہمی طور پر قابل قبول حل تلاش کرنے کیلئے کمیٹی قائم کر دی ہے ، علی پرویز ملک

وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کے معاملے پر باہمی طور پر قابل قبول حل تلاش کرنے کے لئے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی ہے جو منصوبے سے متعلق ثالثی کے تعطل کو ختم کرنے اور پاکستان کی مستقبل کی توانائی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش رفت کرے گی۔

اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کے معاملے پر باہمی طور پر قابل قبول حل تلاش کرنے کے لئے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی ہے جو منصوبے سے متعلق ثالثی کے تعطل کو ختم کرنے اور پاکستان کی مستقبل کی توانائی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش رفت کرے گی۔

منگل کو ایوان بالا میں سینیٹر محمد طلحہ محمود کی جانب سے توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وزیر پٹرولیم نے کہا کہ کمیٹی منصوبے کے قانونی، مالی اور توانائی سے متعلق پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ قومی مفاد میں مناسب حل تلاش کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کا برادر ملک ہے اور دونوں ممالک کی قیادت باہمی طور پر قابل قبول اور دوستانہ تصفیے کے لئے مسلسل رابطے میں ہے۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ ایران اپنی جانب منصوبے پر نمایاں عملی پیشرفت کر چکا ہے اور ساؤتھ پارس گیس فیلڈ سے پاکستان کی سرحد کے قریب ایک بڑے ایرانی شہر تک گیس پہنچائی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاملہ پیرس میں ثالثی کے مرحلے میں جا چکا ہے، اس لئے منصوبے سے پیدا ہونے والی ممکنہ مالی ذمہ داری کو محتاط انداز میں دیکھنا ضروری ہے۔ وزیر پٹرولیم نے کہا کہ حکومت مزید قانونی پیچیدگیوں اور مقدمہ بازی سے بچنا چاہتی ہے اور ایران کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے معاملے کا حل تلاش کرنے کے لئے کوششیں جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اعلیٰ سطحی کمیٹی پاکستان کو درپیش ممکنہ مالی ذمہ داری، قانونی کارروائی کے اثرات اور ملک کی مستقبل کی توانائی ضروریات کا جائزہ لے کر منصوبے کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی۔بلوچستان میں گیس سے متعلق مسائل کے حوالے سے وزیر پٹرولیم نے کہا کہ وزیر اعظم نے انہیں صوبائی فریقین سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی سربراہی میں ایک اور اعلیٰ سطحی کمیٹی بلوچستان کے گیس سے متعلق مسائل کا جائزہ لے رہی ہے جن میں تکنیکی اور ادائیگی سے متعلق معاملات بھی شامل ہیں۔

 

مزید خبریں