حضور اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی سیرت طیبہ انسانیت کیلئے محبت، اخوت، عدل، برداشت، رواداری اور حسن اخلاق کا کامل نمونہ ہے، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر پیغام
حضور اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی سیرت طیبہ انسانیت کیلئے محبت، اخوت، عدل، برداشت، رواداری اور حسن اخلاق کا کامل نمونہ ہے، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عید میلاد النبی ﷺ کے بابرکت موقع پر پوری امت مسلمہ بالخصوص پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضور اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت باسعادت پوری انسانیت کے لیے باعث رحمت ہے، نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ انسانیت کے لیے محبت، اخوت، عدل، برداشت، رواداری اور حسن اخلاق کا کامل نمونہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کیا ۔
سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ نے اپنے اسوہ حسنہ کے ذریعے انسانیت کو امن، مساوات، بھائی چارے اور احترام انسانیت کا درس دیا۔ انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کا دن ہمیں اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں آپ ﷺ کی تعلیمات کو اپنانے اور معاشرے میں محبت، اخوت، باہمی احترام اور رواداری کو فروغ دینے کے عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ نبی کریم ﷺ سے محبت ہمارے ایمان کا لازمی حصہ ہے اور اس محبت کا حقیقی تقاضا یہ ہے کہ ہم اپنی زندگیوں میں آپ ﷺ کی تعلیمات اور اسوہ حسنہ کی پیروی کریں۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی تعلیمات کسی ایک قوم، طبقے یا مذہب تک محدود نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے رحمت، عدل، مساوات، رواداری اور احترام کا عالمگیر پیغام ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ ﷺ نے انسانوں کے درمیان مذہب، رنگ، نسل اور حیثیت کی بنیاد پر امتیاز کے بجائے عدل و انصاف، انسانی وقار اور حقوق کے تحفظ کو بنیادی اہمیت دی اور مسلمان و غیر مسلم سب کے ساتھ انصاف، حسن سلوک اور رواداری کا سلوک روا رکھا۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ محض خوشی اور عقیدت کے اظہار کا موقع نہیں بلکہ خود احتسابی، اصلاح نفس اور سیرت طیبہ پر عمل کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے کردار، معاملات اور اجتماعی رویوں میں اسوہ رسول ﷺ کی اتباع کرنے کی ضرورت ہے، امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ اتحاد، باہمی احترام اور اسو حسنہ پر عمل پیرا ہو کر ہی ممکن ہے۔ انہوں نے فرقہ واریت، تعصبات اور باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر امت مسلمہ میں اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
سپیکر سردار ایاز صادق نے علماء کرام اور مشائخ اعظم کو سیرت طیبہ ﷺ کی تعلیمات کی روشنی میں معاشرے میں اخوت، برداشت، رواداری اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کردار ادا کرنے کا کہا۔ انہوں نے نوجوان نسل کو سیرتِ نبوی ﷺ کے سنہری اصولوں سے روشناس کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی سیرت طیبہ خواتین، بچوں اور معاشرے کے تمام طبقات کے حقوق، عزت و وقار اور تحفظ کا جامع درس دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں پر تشدد کے واقعات ہم سب کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ہمیں اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہوتے ہوئے خواتین کو باعزت، محفوظ اور مساوی مواقع فراہم کرنے اور بچوں کی تعلیم، تربیت، صحت اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اجتماعی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ایک مہذب اور پرامن معاشرے کے قیام کے لیے اس کے ہر فرد بالخصوص خواتین اور بچوں کے حقوق اور عزت و وقار کا مکمل تحفظ یقینی بنانا ضروری ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ سیرت نبوی ﷺ پر عمل پیرا ہو کر معاشرے میں امن، بھائی چارے اور اجتماعی فلاح کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے اللہ تعالیٰ سے پاکستان اور پوری امت مسلمہ کو امن، ترقی، خوشحالی، اتحاد اور استحکام اور پوری قوم کو سیرت نبوی ﷺ پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمانے کی دعا کی۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے بھی عید میلاد النبی ﷺ کے بابرکت موقع پر امت مسلمہ اور پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی حیات مبارکہ پوری انسانیت کے لیے رشد و ہدایت کا سرچشمہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے عدل، مساوات، اخوت، رواداری اور انسانیت سے محبت کا درس دیا جس پر عمل پیرا ہو کر معاشرے میں امن اور بھائی چارے کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفی شاہ نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ ہمیں سیرتِ طیبہ پر عمل کرتے ہوئے امت مسلمہ کے اتحاد اور ملکی یکجہتی کو مضبوط بنانے کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت اور باہمی نفرتوں سے اجتناب کرتے ہوئے اتحاد، برداشت اور باہمی احترام کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان اور پوری امت مسلمہ کو امن، اتحاد اور خوشحالی عطا فرمائے اور ہمیں نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق دے۔








