نوجوانوں سمیت ہر فرد سیرتِ رسول ﷺ کی تعلیمات کو اپنی زندگی کا حصہ بنائے، حنیف عباسی

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ نوجوانوں سمیت ہر فرد سیرتِ رسول ﷺ کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائے، کیونکہ حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ مسلمانوں کے لیے محبت، عقیدت اور رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔

راولپنڈی ۔25اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ نوجوانوں سمیت ہر فرد سیرتِ رسول ﷺ کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائے، کیونکہ حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ مسلمانوں کے لیے محبت، عقیدت اور رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔

خیابانِ سرسید ایون مارکیٹ کی جامع مسجد شیخ محمد امین میں محفلِ میلاد النبی ﷺ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیرتِ مصطفیٰ ﷺ دوسروں کی خامیوں کی پردہ پوشی، غیرمصدقہ اطلاعات کے پھیلاؤ سے اجتناب، خواتین کے احترام اور بلاامتیاز انسانیت کی خدمت کا درس دیتی ہے۔محفل کی صدارت سید فیصل ریاض حسین شاہ نے کی جبکہ ادارہ تعلیمات اسلامیہ پاکستان کے ڈپٹی ڈائریکٹر علامہ حافظ شیخ محمد قاسم نے نگرانی کی۔

مفتی انتخاب احمد نوری، سید نعمان ریاض حسین شاہ، مفتی محمد اقبال رضوی، رکن پنجاب اسمبلی ضیاء اللہ شاہ، سید بشیر حسین شاہ، سید مظہر سجاد گیلانی، امن کمیٹی کے ارکان، تاجر نمائندگان اور بڑی تعداد میں مرد و خواتین نے شرکت کی۔علامہ حافظ شیخ محمد قاسم نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ سے حقیقی محبت آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل، کردار کی اصلاح، برداشت و درگزر کو فروغ دینے اور انسانیت کی خدمت سے ظاہر ہوتی ہے۔

مفتی انتخاب احمد نوری نے کہا کہ محافل میلاد مسلمانوں کے حضور اکرم ﷺ سے روحانی اور جذباتی تعلق کی عکاسی کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر صوبہ بھر میں سرکاری سطح پر بھی ایسی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔دیگر مقررین نے بھی حضور اکرم ﷺ سے محبت کو اچھے کردار، برداشت، معافی اور انسانیت کی خدمت کے ذریعے عملی زندگی میں ڈھالنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔محفل کے اختتام پر سید فیصل ریاض حسین شاہ نے ملک کی سلامتی، استحکام، خوشحالی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعا کرائی۔

مزید خبریں