نیٹ میٹرنگ درخواستوں کے زیر التواء معاملات کے حل کی جانب اہم پیش رفت، بجلی تقسیم کار کمپنیوں اور پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی کو نیپرا کی ہدایات پر فوری عملدرآمد کی ہدایت
نیٹ میٹرنگ درخواستوں کے زیر التواء معاملات کے حل کی جانب اہم پیش رفت، بجلی تقسیم کار کمپنیوں اور پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی کو نیپرا کی ہدایات پر فوری عملدرآمد کی ہدایت

مزید خبریں
اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):نیٹ میٹرنگ درخواستوں کے زیر التواء معاملات کو حل کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت کے طور پر پاور ڈویژن نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی حالیہ ہدایات پر عملی اقدامات کرتے ہوئے تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں اور پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی (پی آئی ٹی سی) کو ان ہدایات پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کر دی ہے۔
ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق نیپرا کی ہدایات خاص طور پر ان نیٹ میٹرنگ کنکشنز سے متعلق ہیں جو صارفین کی جانب سے ڈیمانڈ نوٹس کی ادائیگی، نیٹ میٹرنگ لائسنس کے حصول، میٹر کی فزیکل تبدیلی یا ری پروگرامنگ اور میٹر کنکشن آرڈرز کی تکمیل کے باوجود زیر التواء رہے۔ اس سلسلے میں ان معاملات کی قانونی حیثیت کا انحصار اس بات پر ہے کہ صارفین نے نیپرا کی مقررہ تاریخ 9 فروری 2026ء سے قبل ڈیمانڈ نوٹس کی ادائیگی کی تھی یا نہیں جس کی باقاعدہ تصدیق کی جائے گی۔پاور ڈویژن نے تمام ڈسکوز اور پی آئی ٹی سی کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام زیر التواء درخواستوں کی جامع جانچ پڑتال کریں، بالخصوص ان درخواستوں میں ڈیمانڈ نوٹس کی قابل تصدیق ادائیگی کا جائزہ لیا جائے جن کی ادائیگی 9 فروری 2026ء کی مقررہ تاریخ سے قبل کی گئی تھی۔
ایسے صارفین جنہوں نے ڈیمانڈ نوٹس کی بروقت ادائیگی سمیت تمام مقررہ تقاضے پورے کر رکھے ہیں، انہیں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ انہیں کسی غیر ضروری رکاوٹ یا طریقہ کار میں تاخیر کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ پی آئی ٹی سی کو خصوصی طور پر ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے بلنگ سسٹمز اور سافٹ ویئر کا جائزہ لے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ 9 فروری 2026ء سے قبل تمام ضروری مراحل مکمل کرنے والے کنکشنز کو فوری طور پر سسٹم میں اپ ڈیٹ اور شامل کیا جائے۔
یہ تکنیکی اقدام اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اہم ہے کہ اہل صارفین اس عمل سے محروم نہ رہیں۔پاور ڈویژن کے مطابق، اس تصدیقی عمل کا مقصد کسی قسم کی رکاوٹ پیدا کرنا نہیں بلکہ نیپرا کی ہدایات پر درست اور منصفانہ عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔ اس کا مقصد صارفین کے حقوق کا تحفظ کرتے ہوئے صرف حقیقی اور اہل زیر التواء معاملات کو جلد از جلد نمٹانا ہے۔پاور ڈویژن تمام ڈسکوز میں اس عملدرآمد کی پیش رفت کی مسلسل نگرانی کرے گا۔








