فیسکوکی اولین ترجیح صارفین بجلی کو بہترین سہولیات کی فراہمی،انکی شکایات کا فوری ازالہ کرنا ہے،چیف انجینئر آپریشنز فیسکو

چیف انجینئر آپریشنز فیسکو محمد منور خان نے افسران وملازمین پر زور دیا ہے کہ صارفین کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور عوام کے ساتھ خوش اخلاقی، شائستگی اور صارف دوست رویہ اختیار کریں

فیصل آباد۔ 25 اگست (اے پی پی):چیف انجینئر آپریشنز فیسکو محمد منور خان نے افسران وملازمین پر زور دیا ہے کہ صارفین کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور عوام کے ساتھ خوش اخلاقی، شائستگی اور صارف دوست رویہ اختیار کریں۔ منگل کو ترجمان فیسکو محمد سعید رضا کے مطابق انہوں نے فیسکو کے جھنگ، سرگودھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور میانوالی سرکلز کے سپرنٹنڈنگ انجنئیرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیسکوکی اولین ترجیح صارفین بجلی کو بہترین سہولیات کی فراہمی اوران کی شکایات کا فوری ازالہ کرنا ہے جس میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس کے دوران چیف انجینئر آپریشنز منور خان نے بجلی کے ڈسٹری بیوشن سسٹم کو مزید مؤثر اور بہتر بنانے، لائنوں اور دیگر تنصیبات کی بروقت مینٹیننس، ٹرانسفارمرز کی اپ گریڈیشن اور گرڈ اسٹیشنز سے منسلک فیڈرز کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ضروری اقدامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ سسٹم کی بہتری اور صارفین کو درپیش مسائل کے مستقل حل کے لیے فیلڈ میں مؤثر نگرانی اور عملی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ صارفین کو بجلی کی مسلسل اوربلاتعطل فراہمی کیلئے فنی خرابیوں کے فوری ازالے کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے۔ صارفین کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور کسی بھی شکایت کو غیر ضروری طور پر زیر التوا نہ رکھا جائے۔انھوں نے کہا کہ فیلڈ میں کام کرنے والے تمام افسران اور لائن اسٹاف حفاظتی اصولوں کی مکمل پابندی کریں سیفٹی پالیسی اور فیسکو کے تمام سیفٹی ایس او پیز پر سو فیصد عملدرآمدکو یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ مہلک اور غیر مہلک حادثات کی روک تھام کے لیے حفاظتی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد ناگزیر ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی قابل قبول نہیں ہوگی۔بجلی چوری کے خلاف کارروائی کے حوالے سے چیف انجینئر آپریشن نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف بلاامتیاز اور فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ بجلی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف فوری ایف آئی آرز درج کرائی جائیں، غیر قانونی کنکشن منقطع کیے جائیں اور بجلی چوری سے متعلق واجبات کی ریکوری کے لیے مؤثر اور سخت اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ بجلی چوری کے خلاف کارروائی میں کسی قسم کا دباؤ قبول نہ کیا جائے اور قانون کے مطابق تمام کیسز کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔انہوں نے کہا کہ افسران اپنے فرائض پوری ذمہ داری، دیانت داری اور پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ انجام دیں تاکہ فیسکو کے صارفین کو بجلی کی بہتر، محفوظ اور قابل اعتماد فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔دوران اجلاس متعلقہ سپرنٹنڈنگ انجنئیرز نے اپنے اپنے سرکلز میں بجلی کی فراہمی، ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک، فیڈرز کی کارکردگی، مینٹیننس اور دیگر اہم امور کے حوالے سے چیف انجینئر آپریشن کو بریفنگ دی۔اجلاس میں ایس ای فیسکو جھنگ سرکل مہر محمد افضل کاٹھیا، ایس ای سرگودھا سرکل ابرار احمد، ایس ای میانوالی سرکل بلال اقبال،ایس ای ٹوبہ ٹیک سنگھ عصمت اللہ، ایکسئین حضرات سمیت تینوں سرکلز کے دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

 

مزید خبریں