ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ ہزارہ ڈویژن انصر قیوم نے ہری پور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فلور ملز اور آٹا ڈیلرز سمیت محکمہ خوراک کے ضلعی دفتر اور گندم کے گودام کا معائنہ کیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ ہزارہ ڈویژن انصر قیوم کا ہری پور کا دورہ ،فلور ملز اور آٹا ڈیلرز سمیت محکمہ خوراک کے ضلعی دفتر اور گندم کے گودام کا معائنہ کیا

مزید خبریں
ہری پور۔ 27 اگست (اے پی پی):ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ ہزارہ ڈویژن انصر قیوم نے ہری پور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فلور ملز اور آٹا ڈیلرز سمیت محکمہ خوراک کے ضلعی دفتر اور گندم کے گودام کا معائنہ کیا۔ انصر قیوم نے گندم کے ذخیرہ کی مقدار و معیار، ریکارڈ کی تکمیل اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ نے ہری پور میں مختلف فلور ملز کا بھی معائنہ کیا اور سرکاری آٹے کی تیاری و ترسیل، معیار، وزن، نمی کی مقدار اور متعلقہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی۔ انصر قیوم نے ہری پور میں سرکاری آٹے کے مقررہ ڈیلرز کے معائنے کے دوران آٹے کے معیار، مقدار اور فراہمی سے متعلق ریکارڈ کی آئی سی ٹی ایپ کے ذریعے جانچ پڑتال کی جبکہ متعلقہ تنصیبات میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فعالیت کا بھی جائزہ لیا گیا جن سے نگرانی کے نظام کو مؤثر اور فعال رکھا جاتا ہے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ہری پور محمد طارق اور محکمہ خوراک کے دیگر متعلقہ افسران و اہلکار بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ ہزارہ انصر قیوم نے معائنہ کے دوران متعلقہ فلور ملز اور آٹا ڈیلرز کو ہدایت کی کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی، سرکاری آٹے کے معیار، مقررہ وزن اور شہریوں کو مقررہ سرکاری نرخ پر بروقت دستیابی کو ہرصورت یقینی بنایا جائے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی سے گریز کیا جائے۔








