پارٹی کارکن قیمتی اثاثہ ہیں،حلقہ کے مسائل سے غافل نہیں،وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے تحت نوجوانوں کو برسر روز گار کرنے کیلئے کوشاں ہیں،رانا مشہود احمد خان
پارٹی کارکن قیمتی اثاثہ ہیں،حلقہ کے مسائل سے غافل نہیں،وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے تحت نوجوانوں کو برسر روز گار کرنے کیلئے کوشاں ہیں،رانا مشہود احمد خان

مزید خبریں
لاہور۔30اگست (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پارٹی کارکن ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں،وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے تحت ملک بھر کے نوجوانوں کو تعلیم، فنی تربیت، کاروبار، سٹارٹ اپس اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، حلقہ کے مسائل سے غافل نہیں ہیں، عوامی مسائل کا حل ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے دن رات کوشاں ہیں، ہم عوام کی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہیں ،موسمیاتی تغیر پورے خطے کے لیے خطرہ ہے ۔
اتوار کو حلقہ پی پی 172 میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر یونین کونسل کی سطح پر پارٹی کی تنظیم، یوتھ ونگ، لیبر ونگ، لائرز ونگ، تاجر ونگ اور خواتین ونگ کو بااختیار بنایا گیا ہے، جبکہ مختلف محکموں کیلئے مقرر کئے گئے کوآرڈینیٹرز کے ذریعے عوامی مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کیلئے مسلسل رابطہ کاری کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تغیر پورے خطے کیلئے خطرہ بن چکا ہے، حالیہ شدید گرمی، گلیشیئرز پگھلنے، کلاڈ برسٹ اور غیر معمولی بارشوں کے باعث دنیا بھر میں نئے چیلنجز پیدا ہو رہے ہیں۔
چین اور نیپال کی سرحد پر آنے والے شدید سیلاب بھی موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کی ایک مثال ہیں۔انہوں نے کہا کہ بجلی کا مسئلہ صرف بجلی کی عدم دستیابی کا نہیں بلکہ شدید گرمی اور بجلی کی طلب میں اضافے کے باعث نظام پر اضافی دبائو بھی ہے۔ تاہم لاہور اور بالخصوص پی پی 172 میں تبدیل کئے جانے والے ٹرانسفارمرز کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو کئے جانے والے کاموں سے آگاہ کیا جا سکے رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ حلقہ میں ٹرانسفارمرز اور بجلی سے متعلق مسائل کے حل کیلئے جلد اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم عوام کی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہیں اور حلقہ کی عوام کا خیال رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یو سی 93 میں 146 سڑکوں کے سیوریج سسٹم کی تکمیل کے بعد ان کا افتتاح کیا گیا ہے جبکہ حلقے میں سڑکوں، گلیوں، سیوریج، بجلی اور گیس سمیت بنیادی مسائل کے حل کیلئے کام جاری ہے۔رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ موجودہ دور میں نوجوانوں کیلئے باعزت روزگار کا حصول ایک بڑا چیلنج ہے، اس لئے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے اور انہیں روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
سبزہ زار میں ٹیکنیکل ایجوکیشن کا ادارہ دسمبر یا جنوری میں فعال ہو جائے گا، محکمانہ امور کے باعث منصوبے میں تاخیر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے حلقے کے کم از کم دو ہزار نوجوانوں کو چھ ماہ میں تربیت دلوا کر روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور بیرون ملک بھجوانے کیلئے اقدامات کریں گے، جبکہ نجی تعاون سے قائم ہونے والے ادارے سے چھ ماہ میں مجموعی طور پر 10 ہزار طلبہ و طالبات کو تربیت فراہم کرنے کا ہدف ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے تحت ملک بھر کے نوجوانوں کو تعلیم، فنی تربیت، کاروبار، سٹارٹ اپس اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے سوڈیوال کے رانا عبدالرحیم ہسپتال میں ڈائیلاسز کی 7 مشینیں جبکہ حاجی ابراہیم ہسپتال میں مزید 4 ڈائیلاسز مشینیں فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان ہسپتالوں میں ایسی ادویات بھی فراہم کی جائیں گی جو حکومت کی جانب سے مفت فراہم نہیں کی جاتیں۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کے مختلف ٹیسٹ بھی آئندہ دو ماہ میں ان ہسپتالوں میں مفت کرانے کا انتظام کیا جائے گا۔رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ گلشن راوی میں لاہور کے بہترین فلٹریشن پلانٹس میں سے ایک کا افتتاح آئندہ ہفتے کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے ترقیاتی وسائل کے ساتھ ذاتی وسائل بھی علاقے کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے استعمال کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 14 اگست اور عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر فلوٹس کا انعقاد اس مقصد کیلئے کیا گیا کہ عوام خصوصا نوجوانوں میں پاکستانیت اور عشق رسول ﷺ کا جذبہ برقرار رہے۔ سکولوں میں کتاب میلوں کے انعقاد اور رمضان المبارک میں مستحق خاندانوں تک راشن کی فراہمی سمیت مختلف فلاحی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حلقے کے عوام کیلئے کام کرنا ان کی بنیادی ذمہ داری ہے اور عوامی مسائل کی نشاندہی کیلئے رابطہ کاری کے نظام کو مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ وہ عوامی مسائل کی بروقت نشاندہی کریں تاکہ ان کے حل کیلئے فوری اقدامات کئےجاسکیں ۔ رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ پاکستان کی ترقی سے صوبے اور صوبوں کی ترقی سے حلقے ترقی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ وہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔
انہوں نے بیرون ملک تعلیمی روابط کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ہمراہ چین کے دورے کے دوران 50 یونیورسٹیوں کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے، جبکہ 70 ٹیکنیکل ایجوکیشن اور میڈیکل یونیورسٹیوں کے ساتھ بھی معاہدے کئے گئے۔ امریکہ کے دورے کے دوران 25 امریکی یونیورسٹیوں اور 13 میڈیکل یونیورسٹیوں کے ساتھ معاہدے کئے گئے، جبکہ ٹیکنیکل ایجوکیشن کے شعبے میں بھی تعاون کے معاہدے ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز صحت کے حوالے سے منعقدہ کانفرنس اور ایکسپو میں 21 ممالک کے سفیروں نے شرکت کی، جو پاکستان کے عالمی سطح پر روابط اور تعاون کے فروغ کی عکاسی کرتا ہے۔رانا مشہود احمد خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حلقہ پی پی 172 کے عوامی مسائل کے حل، نوجوانوں کو ہنر مند بنانے، صحت و تعلیم کی سہولیات بہتر کرنے اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔







