قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے،فائر اور لائف سیفٹی کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ،چیئرمین سی ڈی اے

قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے،فائر اور لائف سیفٹی کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ،چیئرمین سی ڈی اے

اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):حکومت کی جانب سے سیکرٹری وزارتِ داخلہ کے ذریعے جاری کردہ فیصلے کی روشنی میں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد بھر میں فائر اور لائف سیفٹی کے حفاظتی معیارات پر عملدرآمد مزید مؤثر بناتے ہوئے واضح کیا ہے کہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ سی ڈی اے کی اولین ترجیح ہے۔اتوار کو سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سی ڈی اے نے اہم کارروائی کرتے ہوئے شہیدِ ملت سیکرٹریٹ، اسٹیٹ لائف بلڈنگ اور بلیو ایریا اسلام آباد میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) بلڈنگ کو سیل کر دیا ہے،مذکورہ عمارات میں سی ڈی اے کے فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے فائر سیفٹی سے متعلق پہلے سے جاری کردہ آبزرویشنز اور ہدایات پر مقررہ مدت گزرنے کے باوجود عملدرآمد نہیں کیا گیا تھا۔

یہ کارروائی مقررہ حفاظتی تقاضوں اور متعلقہ قواعد و ضوابط کے مطابق عمل میں لائی گئی ہے، جو اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ سی ڈی اے ملازمین، شہریوں، عمارات میں آنے والے افراد اور عام عوام کے لیے محفوظ ماحول یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے سی ڈی اے کے متعلقہ شعبہ جات کو ہدایت کی ہے کہ فائر سیفٹی کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی جائے اور تمام عمارات میں مقررہ حفاظتی معیارات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی عمارت، ادارے یا تنظیم کو بنیادی فائر پریوینشن اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے ضروری انتظامات نظرانداز کرتے ہوئے انسانی جانوں اور سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

سی ڈی اے کا فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈائریکٹوریٹ مختلف عمارات کے معائنے جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ فائر سے بچاؤ اور لائف سیفٹی کے حوالے سے موجود خامیوں کی نشاندہی کی جا سکے۔ ان معائنوں کے دوران فائر پریوینشن کے انتظامات، ایمرجنسی ایگزٹس، فائر فائٹنگ آلات، ہنگامی انخلا کی تیاری اور دیگر ضروری لائف سیفٹی اقدامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔سی ڈی اے کے بلڈنگ کنٹرول سیکشن کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ معائنوں کے دوران نشاندہی کی گئی خامیوں کو مقررہ مدت میں دور کروانے کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائے۔عمارات کو سیل کرنے کی کارروائی اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ سی ڈی اے کی فائر سیفٹی مہم محض معائنوں تک محدود نہیں بلکہ قابلِ تلافی انسانی جانوں کے ضیاع اور املاک کو ممکنہ نقصان سے بچانے کے لیے ایک عملی اور مؤثر انفورسمنٹ مہم ہے۔

لازمی حفاظتی تقاضوں پر عملدرآمد نہ کرنے والی عمارات کے خلاف مروجہ قوانین اور قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی کی جائے گی۔چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے متعلقہ شعبہ جات کو مزید ہدایت کی ہے کہ فائر سیفٹی کے تقاضوں پر عملدرآمد کی مسلسل نگرانی کی جائے اور معائنوں کے دوران سامنے آنے والی خامیوں کو مؤثر اصلاحی اقدامات کے ذریعے دور کروایا جائے۔ اس اقدام کا مقصد پورے اسلام آباد میں حفاظتی اقدامات، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری، ذمہ داری اور احتیاط کے مضبوط کلچر کو فروغ دینا ہے۔سی ڈی اے نے تمام سرکاری محکموں، پبلک سیکٹر اداروں، تجارتی مراکز، نجی عمارات کے مالکان اور انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے فائر سیفٹی انتظامات کا فوری جائزہ لیتے ہوئے مقررہ حفاظتی معیارات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔چیئرمین سی ڈی اے نے اس امر کا اعادہ کیا ہے کہ فائر سیفٹی ایک اجتماعی ذمہ داری ہے۔

فائر فائٹنگ آلات کی بروقت تنصیب اور باقاعدہ دیکھ بھال، واضح اور قابلِ رسائی ایمرجنسی راستوں کی دستیابی، مؤثر انخلا کے انتظامات اور حفاظتی پروٹوکولز پر عملدرآمد ہنگامی صورتحال میں قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔فائر سیفٹی کے حوالے سے جاری یہ مہم سی ڈی اے کی ان وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے جن کا مقصد اسلام آباد کو محفوظ، پُرامن، جدید اور بہترین انتظامی سہولیات سے آراستہ وفاقی دارالحکومت بنانا ہے، جہاں عوامی تحفظ، معیاری انفراسٹرکچر اور مؤثر گورننس کو بنیادی اہمیت حاصل ہو۔سی ڈی اے نے واضح کیا ہے کہ عمارات کی انتظامیہ کو فائر سیفٹی سے متعلق خامیوں کو دور کرنے کے لیے مقررہ وقت اور ضروری رہنمائی فراہم کی جائے گی تاہم فائر اور لائف سیفٹی کے بنیادی تقاضوں پر مسلسل عدم تعمیل کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ فائر اور لائف سیفٹی کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔