ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی ترکیہ کے یومِ فتح پر صدر رجب طیب اردوان، حکومت اور ترک عوام کو مبارکباد

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی ترکیہ کے یومِ فتح پر صدر رجب طیب اردوان، حکومت اور ترک عوام کو مبارکباد

اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے ترکیہ کے یومِ فتح کے موقع پر صدر رجب طیب اردوان، حکومت اور ترک عوام کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 30 اگست کی تاریخی فتح ترک قوم کی بہادری، قربانی، استقامت اور قومی عزم کی عظیم علامت ہے۔اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ مصطفیٰ کمال اتاترک کی قیادت میں ترک قوم کی تاریخی جدوجہد دنیا کے لیے قابلِ تحسین مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے یومِ فتح کی خوشیوں میں اپنے ترک بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ شریک ہے۔ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کی دوستی مشترکہ عقیدے، تاریخ، ثقافت اور لازوال بھائی چارے پر قائم ہےجبکہ دونوں ممالک کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط اور مستحکم ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دفاع، سلامتی، تجارت اور ترقی کے شعبوں میں پاکستان اور ترکیہ کا تعاون مسلسل فروغ پا رہا ہے اور پاکستان ترکیہ کے ساتھ اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ علاقائی امن، استحکام، سلامتی اور مشترکہ خوشحالی کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔انہوں نے دعا کی کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی دوستی اور بھائی چارے کا رشتہ ہر آنے والی نسل کے ساتھ مزید مضبوط ہو۔