ہسپتالوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ادارے کے سربراہ سمیت تمام عملے کی بھرتی خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر ہونی چاہیے، سید مصطفیٰ کمال

ہسپتالوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ادارے کے سربراہ سمیت تمام عملے کی بھرتی خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر ہونی چاہیے، سید مصطفیٰ کمال

اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی بہتر بنانے اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے معیار میں بہتری کے لیے ملازمتوں کو کارکردگی سے مشروط کرنے کی تجویز پیش کردی۔اتوار کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئےوفاقی وزیر نے کہا کہ ہسپتالوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ادارے کے سربراہ سمیت تمام عملے کی بھرتی خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔

ملازمین کو ان کی کارکردگی کا جائزہ لینے اور یہ تعین کرنے کے بعد ہی برقرار رکھا جائے کہ انہوں نے اپنے فرائض ایمانداری اور محنت سے انجام دیے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کےمستقبل کے انتظامی امور کا جائزہ لینے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مجوزہ اصلاحات کے تحت پمز میں بھی کارکردگی پر مبنی نظام متعارف کرانے کی سفارش کریں گے۔وفاقی وزیر نے پمز میں پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ہمیشہ اس بات کا دکھ رہے گا کہ یہ سانحہ ان کے دورِ وزارت میں پیش آیا۔

ایک سوال کے جواب میں سید مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ وفاقی حکومت کے زیر انتظام ہسپتالوں میں فائر سیفٹی اور حفاظتی انتظامات میں موجود خامیوں اور کمزوریوں کی نشاندہی کے لیے حال ہی میں جامع آڈٹ کا حکم دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آڈٹ کسی تیسرے فریق کے ادارے سے کرایا جائے گا جو اپنی سفارشات بھی پیش کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آڈٹ کی سفارشات کی بنیاد پر فوری اقدامات کیے جائیں گے۔

مزید خبریں