وزیراعظم محمد شہباز شریف کرغزستان کے صدر صادر نورگوزوئیوچ ژاپاروف کی دعوت پر 31 اگست سے 2 ستمبر تک کرغزستان کا تین روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف 31 اگست سے 2 ستمبر تک کرغزستان کا تین روزہ سرکاری دورہ کریں گے
اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف کرغزستان کے صدر صادر نورگوزوئیوچ ژاپاروف کی دعوت پر 31 اگست سے 2 ستمبر تک کرغزستان کا تین روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔
پیر کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق دورے کے دوران وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہانِ مملکت کی کونسل کے اجلاس میں شرکت کے علاوہ کرغزستان کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں اور دیگر اہم سرگرمیوں میں شریک ہوں گے۔ وزیرِ اعظم کے ہمراہ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیرِ تجارت جام کمال خان، وزیرِ مواصلات عبدالعلیم خان، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی ہوں گے۔بشکیک میں قیام کے دوران وزیرِ اعظم شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ مملکت کی کونسل کے اجلاس اور ایس سی او پلس سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
وزیرِ اعظم27-2026 کے لیے ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف سٹیٹس (سی ایچ ایس) کی پاکستان کی چیئرمین شپ بھی سنبھالیں گے۔ ایس سی او اجلاسوں کے موقع پر وزیرِ اعظم شریک ممالک کے رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ وزیرِ اعظم 31 اگست کو ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔2 ستمبر کو وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف صدر صادر ژاپاروف کے ساتھ پاکستان اور کرغزستان کے تعلقات کے تمام پہلوؤں پر دوطرفہ مذاکرات کریں گے۔دونوں جانب سے پاکستان اور کرغزستان کے باہمی تعلقات کا مجموعی جائزہ لیا جائے گا اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا بالخصوص تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، علاقائی رابطہ کاری، تعلیم، سیاحت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
دونوں رہنما باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور اور علاقائی و کثیرالجہتی فورمز پر تعاون کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کریں گے۔پاکستان اور جمہوریہ کرغزستان کے درمیان گرم جوش اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں جو مشترکہ تاریخ، مذہبی و ثقافتی وابستگی اور جنوبی و وسطی ایشیا میں امن، رابطہ کاری اور خوشحالی کے مشترکہ عزائم پر استوار ہیں۔ وزیرِ اعظم کا دورہ حالیہ اعلیٰ سطحی روابط سے پیدا ہونے والی مثبت پیش رفت کو مزید مستحکم کرنے، سیاسی خیرسگالی کو عملی اور مؤثر تعاون میں تبدیل کرنے اور پاکستان و کرغزستان کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گا۔









