نیپال کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں تعلیمی اداروں کے 200 سے زائد طلبہ لاپتہ ہیں۔
نیپال کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں 200 طلبہ لاپتہ
کھٹمنڈو ۔31اگست (اے پی پی):نیپال کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں تعلیمی اداروں کے 200 سے زائد طلبہ لاپتہ ہیں۔
بی بی سی نے نیپال کی وزارتِ تعلیم کے حوالے سے بتایا کہ سیلاب سے سب سے زیادہ متاثرہ تین اضلاع میں کم از کم 19 سکول متاثر ہوئے، نو سکول مکمل طور پر تباہ اور سات کو جزوی نقصان پہنچا ، کئی تعلیمی اداروں میں اساتذہ اور طلبہ کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔وزارتِ تعلیم و کھیل کی تازہ ترین جائزہ رپورٹ کے مطابق 200 سے زائد طلبہ لاپتہ ہیں جبکہ تقریباً 20 طلبہ سیلابی ریلے میں بہہ گئے ہیں۔
شدید متاثر ہونے والے بیشتر سکول رسوا اور نواکوٹ اضلاع میں ہیں۔ان دونوں اضلاع کے کئی سکول جہاں 2425 طلبہ زیرِ تعلیم تھے یا تو وہ سیلابی پانی میں ڈوب گئے یا ملبے تلے دب گئے ہیں۔ایک سکول کی انتظامیہ میں سے ایک فرد نے بتایا کہ سیلاب ان کے سکول کی ایک بس بھی بہا لے گیا۔بی بی سی کی جنوبی ایشیا کی ویژول جرنلزم ٹیم نے سیٹلائٹ تصاویر کی مدد سے ان علاقوں کا نقشہ تیار کیا ہے جہاں سکول سیلاب سے متاثر ہوئے۔









