برازیل میں طوفان سے 2 افراد ہلاک، 1600 مکانات متاثر

برازیل کی جنوبی ریاست ریو گرانڈے دو سول میں شدید طوفان اور ژالہ باری کے باعث کم از کم 2 افراد ہلاک ہوگئے ، 1600 سے زائد مکانات کو بھی نقصان پہنچا ۔

ساؤ پاؤلو۔31اگست (اے پی پی):برازیل کی جنوبی ریاست ریو گرانڈے دو سول میں شدید طوفان اور ژالہ باری کے باعث کم از کم 2 افراد ہلاک ہوگئے ، 1600 سے زائد مکانات کو بھی نقصان پہنچا ۔

شنہوا نے ریاستی سول ڈیفنس کے حوالے سے بتایا کہ 21 بلدیاتی علاقوں میں شدید موسمی صورتحال کے باعث تباہی ہوئی، پورٹو الیگری میں درخت گرنے سے 8 سالہ بچہ جبکہ اروئیو گرانڈے میں سیلابی پانی میں گاڑی بہہ جانے سے 72 سالہ شخص ہلاک ہوا۔ریاست کے شمالی علاقے ٹریس پالمیراس میں ژالہ باری سے تقریباً ایک ہزار مکانات متاثر ہوئے جبکہ یوراگوئے کی سرحد کے قریب واقع کوارائی میں 349 مکانات کو نقصان پہنچنے کے بعد ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی۔

سیرا گاؤچا کے علاقے میں کانیلا کے مقام پر ژالہ باری سے 197 مکانات متاثر ہوئے جبکہ کانیلا اور گرامادو میں رہائشیوں اور سیاحوں کو سول ڈیفنس کی جانب سے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا۔ریو گرانڈے دو سول میں ایل نینو سے منسلک شدید موسمی صورتحال کے باعث بدستور الرٹ ہے۔ سال 2024 میں بھی ریاست کو برازیل کی بدترین موسمی آفات میں سے ایک کا سامنا کرنا پڑا تھا جب سیلاب سے ریاست کا تقریباً 90 فیصد علاقہ متاثر اور 180 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔