جامع مالیاتی شمولیت سے معاشی مواقع، سرمایہ کاری اور ترقی کےنئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں،مشیر وزیر خزانہ

مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے کہا ہے کہ جامع مالیاتی شمولیت کے ذریعے سرمایہ کو پیداواری شعبوں، برآمدات اور جدید ٹیکنالوجی کی جانب منتقل کیا جا رہا ہےجس سے سرمایہ کاری، کاروباری سرگرمیوں اور پائیدار معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔

اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے کہا ہے کہ جامع مالیاتی شمولیت کے ذریعے سرمایہ کو پیداواری شعبوں، برآمدات اور جدید ٹیکنالوجی کی جانب منتقل کیا جا رہا ہےجس سے سرمایہ کاری، کاروباری سرگرمیوں اور پائیدار معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہائوسنگ فنانس، زراعت، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز)، الیکٹرک وہیکلز (ای وی) اور برآمدی شعبوں میں مالی سہولیات کی فراہمی بہتر بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’اپنا گھر‘‘ پروگرام کے تحت درخواستوں میں 84 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ منظور شدہ فنانسنگ تقریباً 280 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے میں مالی رسائی بہتر ہونے سے کسانوں، چھوٹے کاشتکاروں اور دیہی معیشت کو سہارا مل رہا ہے جبکہ روایتی ضمانتی نظام سے ہٹ کر کاروباروں کے لیے مالی سہولیات کو مزید آسان بنایا جا رہا ہے۔

مشیر وزیر خزانہ نے کہاکہ گرین فنانس اقدامات کے تحت الیکٹرک وہیکلز کے شعبے میں قرضوں کی فراہمی اور گاڑیوں کی ترسیل میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جامع مالیاتی نظام کا مقصد معیشت کے مختلف شعبوں کو مالی وسائل تک بہتر رسائی فراہم کرنا اور سرمایہ کاری کو ایسے پیداواری شعبوں کی طرف منتقل کرنا ہے جو روزگار، برآمدات اور پائیدار اقتصادی ترقی میں موثر کردار ادا کر سکیں۔