ملک میں 97.25 فیصد براڈ بینڈ صارفین موبائل انٹرنیٹ استعمال کررہے ہیں، تجزیاتی رپورٹ

ملک میں موبائل فونز کے انٹرنیٹ صارفین کی شرح 97.25 فیصد ہے جبکہ 2.75 صارفین فکسڈ لائن انٹرنیٹ کی سہولت سے استفادہ کررہے ہیں۔

اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):ملک میں موبائل فونز کے انٹرنیٹ صارفین کی شرح 97.25 فیصد ہے جبکہ 2.75 صارفین فکسڈ لائن انٹرنیٹ کی سہولت سے استفادہ کررہے ہیں۔

انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کی خدمات فراہم کرنے والی ایک نجی کمپنی ڈیٹا دربار کے تجزیہ کاروں مطاہر خان اور عبدالعزیز ملک نے اپنی ایک مشترکہ تجزیاتی رپورٹ میں کہا کہ گزشتہ مالی سال 2026 کے اختتام پر ملک میں براڈ بینڈ صارفین کی مجموعی تعداد 164 ملین تھی جن میں سے 97 فیصد سے زیادہ یعنی 159.5 ملین صارفین موبائل فونز کے ذریعہ انٹرنیٹ تک رسائی حاصل کررہے تھے جبکہ 2.75 فیصد یعنی 4.5 ملین صارفین فکسڈ لائنز کے ذریعہ انٹرنیٹ استعمال کررہے تھے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 7 سال کے دوران آپٹیکل فائبرز کے ذریعہ براڈ بینڈ سے منسلک صارفین کی تعداد میں 2780 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

مالی سال 2019 کے اختتام تک فائبر کیبل سے انٹرنیٹ تک رسائی کے حامل صارفین کے کنکشنز کی تعداد ایک لاکھ تھی تاہم گزشتہ مالی سال کے اختتام پر فائبر کیبل انٹرنیٹ کنکشنز کی تعداد 2.88 ملین یعنی 2780 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق موبائل انٹرنیٹ صارفین کو بعض اوقات انٹرنیٹ تک رسائی اور سپیڈ کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ فکسڈ لائن کو بہتر سروسز تک رسائی حاصل ہوگی ہے۔ تجزیاتی رپورٹ کے مطابق ملک میں فکسڈ انٹرنیٹ صارفین کی تعداد میں کمی کی بنیادی وجہ اخراجات ہیں کیونکہ ایک گھر تک کیبل بچھانے پر 60ہزار تا ایک لاکھ 20ہزار روپے تک کے اخراجات آتے ہیں۔