وزیراعظم شہباز شریف تین روزہ دورے پر کرغزستان روانہ ہو گئے

وزیراعظم محمد شہباز شریف تین روزہ دورے پر کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک روانہ ہو گئے۔

لاہور۔31اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف تین روزہ دورے پر کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک روانہ ہو گئے۔

پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے اور مختلف علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف ایس سی او پلس سربراہی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔وزیراعظم ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتا حی تقریب میں بطور مہمان خصوصی بھی شرکت کریں گے۔دورے کے دوران وزیر اعظم محمد شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کرنے والے مختلف ممالک کے رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

ملاقاتوں میں باہمی تعلقات، تجارت و سرمایہ کاری، علاقائی تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کرغزستان کے صدر صادر ژاپاروف سے دوطرفہ ملاقات کریں گے۔ملاقات میں پاکستان اور کرغزستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔وزیراعظم کے دورہ کرغزستان کے دوران تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، علاقائی روابط، تعلیم، سیاحت اور عوامی روابط کے فروغ پر بات چیت ہوگی۔وفاقی وزرا جام کمال خان،عبدالعلیم خان اور عطاء اللہ تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔