وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ضلع راولپنڈی کے سرکاری ہسپتالوں میں فائر سیفٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے محکمہ شہری دفاع اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 کی جانب سے فائر سیفٹی تربیتی سیشنز کا انعقاد کیا گیا،
محکمہ شہری دفاع اور ریسکیو 1122 کے زیر اہتمام راولپنڈی کے ہسپتالوں میں فائر سیفٹی تربیتی سیشنز کا انعقاد

مزید خبریں
راولپنڈی۔31اگست (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ضلع راولپنڈی کے سرکاری ہسپتالوں میں فائر سیفٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے محکمہ شہری دفاع اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 کی جانب سے فائر سیفٹی تربیتی سیشنز کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہسپتال کے طبی و انتظامی عملے کو آگ سے بچاؤ، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور فائر فائٹنگ آلات کے مؤثر استعمال کے حوالے سے عملی تربیت فراہم کی گئی۔
تربیتی سیشنز کے دوران ہسپتالوں میں موجود فائر ایکسٹنگوشرز کے استعمال، آگ لگنے کی صورت میں فوری رسپانس، مریضوں اور عملے کے محفوظ انخلاء اور ہنگامی صورتحال میں مربوط کارروائی کے حوالے سے آگاہی دی گئی۔اس موقع پر عملی مشقوں کے ذریعے فائر سیفٹی کے بنیادی اصولوں سے بھی روشناس کرایا گیا۔محکمہ شہری دفاع اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی سروس کی جانب سے ہسپتالوں میں فائر سیفٹی انتظامات کا جائزہ بھی لیا گیا جبکہ فائر ایکسٹنگوشرز کی فعالیت چیک کی گئی اور انہیں فعال پایا گیا۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈی ایچ کیو اور تمام ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں فائر واٹر ہائیڈرنٹس کی تنصیب کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر رسپانس یقینی بنایا جا سکے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہریوں، مریضوں اور طبی عملے کے تحفظ کے لیے سرکاری ہسپتالوں میں فائر سیفٹی اور ایمرجنسی رسپانس نظام کو مزید مضبوط بنانے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔








