روڈ سیفٹی آگاہی مہم کے حوالے سے مقامی کالج میں سیمینار کا انعقاد

سٹی پولیس آفیسر ملتان صادق علی ڈوگر کی ہدایت پر جاری روڈ سیفٹی آگاہی مہم کے سلسلہ میں سٹی ٹریفک پولیس ملتان کی جانب سے ایک مقامی کالج میں روڈ سیفٹی آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا

ملتان۔ 31 اگست (اے پی پی):سٹی پولیس آفیسر ملتان صادق علی ڈوگر کی ہدایت پر جاری روڈ سیفٹی آگاہی مہم کے سلسلہ میں سٹی ٹریفک پولیس ملتان کی جانب سے ایک مقامی کالج میں روڈ سیفٹی آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیف ٹریفک آفیسر ملتان محمد نبیل کھوکھر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔سیمینار میں طلباء و طالبات کی کثیر تعداد، کالج انتظامیہ اور ٹریفک ایجوکیشن یونٹ کے ٹیم ممبران نے شرکت کی۔ اس موقع پر سی ٹی او ملتان محمد نبیل کھوکھر نے طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے روڈ ڈسپلن کے قیام اور ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ کسی بھی قوم کے مہذب ہونے کا اندازہ اس کے شہریوں کے سڑکوں پر نظم و ضبط اور قوانین کی پابندی سے لگایا جاتا ہے۔

انہوں نے طلباء و طالبات پر زور دیا کہ وہ خود بھی ٹریفک قوانین پر عمل کریں اور اپنے اہلِ خانہ اور دوستوں میں بھی روڈ سیفٹی کے حوالے سے آگاہی پیدا کریں۔اس موقع پر کالج میں موبائل پولیس سٹیشن اور لائسنسنگ وین بھی موجود رہی، جہاں طلباء و طالبات نے ڈرائیونگ لائسنس اور پولیس خدمت مرکز کی مختلف سہولیات سے استفادہ حاصل کیا۔ ٹریفک پولیس کے ڈرائیونگ سکولز میں ڈرائیونگ کی تربیت اور لائسنس کے حصول کے مختلف مراحل کے بارے میں بھی شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔سی ٹی او ملتان محمد نبیل کھوکھر نے طلباء و طالبات میں کڈز کارڈز اور سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے۔ تقریب کے اختتام پر سی ٹی او ملتان نے کالج میں پودا لگایا اور ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی۔سٹی ٹریفک پولیس ملتان کی جانب سے شہریوں، بالخصوص نوجوان نسل میں ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لیے آگاہی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

 

مزید خبریں