رافینیا اور یامال کے 2،2 گول، بارسلونا کی شاندار فتح، لالیگا میں دوبارہ سرفہرست

بارسلونا نے رافینیا اور لامین یامال کے 2،2 گول کی بدولت رایو وایکانو کو 2-5 گول سے شکست دے کر لالیگا میں دوبارہ پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

بارسلونا ۔1ستمبر (اے پی پی):بارسلونا نے رافینیا اور لامین یامال کے 2،2 گول کی بدولت رایو وایکانو کو 2-5 گول سے شکست دے کر لالیگا میں دوبارہ پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔یہ بارسلونا کی سپینش لالیگا میں مسلسل تیسری فتح ہے۔

رافینیا اور لامین یامال نے دو، دو جبکہ فلورین لیجون نے ایک گول کر کے اپنی ٹیم بارسلونا کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔رایو وایکانو کی جانب سے دونوں گول سرجیو کیمیلو نے سکور کیے۔سپاٹی فائی کیمپ نو، بارسلونا، سپین میں کھیلے گئے میچ میں بارسلونا کو آغاز کے بعد 12ویں منٹ میں اس وقت دھچکا لگا جب رایو وایکانو کے سرجیو کیمیلو نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی، تاہم بارسلونا کے رافینیا نے 19ویں منٹ میں گول کرکے مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا۔ صرف 2 منٹ بعد لامین یامال نے شاندار گول کرکے بارسلونا کو1-2 کی برتری دلادی۔دوسرے ہاف کے آغاز میں بارسلونا کے فلورین لیجون کے اپنے ہی گول نے بارسلونا کی برتری 1-3 کردی، تاہم سرجیو کیمیلو نے اپنا دوسرا گول کرکے اپنی ٹیم رایو وایکانو کی واپسی کی امیدیں زندہ رکھیں۔

اس کے بعد رافینیا نے بارسلونا کی جانب سے چوتھا گول کیا، جبکہ لامین یامال نے میچ کے آخری منٹ میں اپنا دوسرا گول کرکے ٹیم کی 2-5 سے کامیابی یقینی بنا دی۔بارسلونا کے منیجر ہانسی فلک نے کہا کہ سب سے اہم چیز 3 پوائنٹس حاصل کرنا ہے اور ٹیم نے سیزن کا اچھا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے لامین یامال کی کارکردگی کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑی اس وقت ناقابل یقین معیار کا فٹبال کھیل رہا ہے۔بارسلونا نے سیزن کے ابتدائی 3 میچوں میں مجموعی طور پر 12 گول سکور کیے ہیں، جبکہ رایو وایکانو کو ابتدائی 2 میچوں میں بھی کامیابی حاصل نہیں ہوسکی تھی۔