سی ٹی ڈی اور حساس ادارے کی کارروائی،ٹی ٹی پی کا اہم کارندہ ہلاک

سی ٹی ڈی اور حساس ادارے کی کارروائی،ٹی ٹی پی کا اہم کارندہ ہلاک

کراچی۔ 01 ستمبر (اے پی پی):کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور حساس ادارے کی مشترکہ کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں(ٹی ٹی پی ) کا اہم کارندہ زخمی ہونے کے بعد ہلاک ہوگیا۔ترجمان محکمہ انسدادِ دہشت گردی سندھ سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے نائن ایم ایم پستول برآمد ہوا ہے۔

برآمد شدہ پستول کی فرانزک جانچ کے دوران تصدیق ہوئی کہ مذکورہ پستول کراچی میں سی ٹی ڈی سمیت مختلف تھانوں میں درج دہشت گردی کے متعدد مقدمات میں استعمال ہونے والے اسلحے سے میچ کرتا ہے۔مذکورہ پستول پولیس اہلکار خادم کی شہادت، گزری کے حدود میں پولیس موبائل پر فائرنگ، سب انسپکٹر عرب خان پر فائرنگ سمیت دہشت گردی کی دیگر وارداتوں میں بھی استعمال ہواہے۔

ہلاک دہشت گرد کے دیگر ساتھیوں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے سی ٹی ڈی کے افسران و جوانوں پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، جبکہ مزید تفتیش اور قانونی کارروائی جاری ہے۔