سربراہ شعبہ متعدی امراض ہولی فیملی ہسپتال ڈاکٹر محمد مجیب خان کیلئے تعریفی شیلڈ راولپنڈی۔ 01 ستمبر (اے پی پی):ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کے شعبہ متعدی امراض کے سربراہ اور اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد مجیب خان کو ڈینگی کے مریضوں کے علاج اور طبی عملے کی تربیت میں مثالی خدمات کے اعتراف میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تعریفی شیلڈ سے نوازا گیا۔اس حوالے سے منگل کو منعقدہ تقریب میں …

مزید خبریں
سربراہ شعبہ متعدی امراض ہولی فیملی ہسپتال ڈاکٹر محمد مجیب خان کیلئے تعریفی شیلڈ
راولپنڈی۔ 01 ستمبر (اے پی پی):ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کے شعبہ متعدی امراض کے سربراہ اور اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد مجیب خان کو ڈینگی کے مریضوں کے علاج اور طبی عملے کی تربیت میں مثالی خدمات کے اعتراف میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تعریفی شیلڈ سے نوازا گیا۔اس حوالے سے منگل کو منعقدہ تقریب میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے ڈاکٹر محمد مجیب خان کو اعزاز پیش کیا اور ان کی پیشہ وارانہ خدمات کو سراہا۔ڈاکٹر محمد مجیب خان نے سال 2025 کے دوران ہولی فیملی ہسپتال میں داخل ہونے والے تقریباً 2500 ڈینگی مریضوں کے علاج کی نگرانی کی اور سخت طبی انتظامی پروٹوکولز کے ذریعے اموات کی شرح صفر رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
علاوہ ازیں انہوں نے ڈینگی ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ 2026 کے تحت ضلع راولپنڈی کے جنرل پریکٹیشنرز (جی پیز) کے لیے ریفریشر ٹریننگز کی قیادت کی۔ تربیتی پروگرام کے ذریعے مقامی طبی ماہرین کی استعداد کار میں اضافہ کیا گیا تاکہ ڈینگی کی بروقت تشخیص اور خطرناک علامات کی فوری نشاندہی یقینی بنائی جا سکے۔تربیتی سیشنز 50، 50 ڈاکٹرز کے بیچز میں منعقد کیے گئے جن کے تحت اب تک ضلع کے رجسٹرڈ 983 جی پیز میں سے 817 کو تربیت دی جا چکی ہے، جو مجموعی طور پر 83 فیصد کوریج بنتی ہے۔
ڈاکٹر مجیب خان کی جانب سے مرتب کردہ تربیتی نصاب میں فیملی فزیشنز کو فوری طبی مداخلت، خطرناک علامات کی شناخت اور مریضوں کو بروقت اعلیٰ سطح کے طبی مراکز منتقل کرنے سے متعلق عملی رہنمائی فراہم کی گئی جس کا مقصد ڈینگی کے موسمی پھیلاؤ کے دوران پیچیدگیوں اور تاخیر سے علاج کے خطرات کو کم کرنا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی کی جانب سے ڈاکٹر مجیب خان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات نہ صرف ڈینگی مریضوں کے لیے بروقت اور مؤثر طبی سہولیات کی فراہمی کا باعث بنیں بلکہ ضلع کے طبی نظام کو متعدی امراض سے نمٹنے کے لیے مزید مستحکم بنانے میں بھی معاون ثابت ہوئیں۔اس موقع پر سینئر ڈاکٹرز، طبی ماہرین، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی اور ہولی فیملی ہسپتال کی انتظامیہ نے بھی ڈاکٹر محمد مجیب خان کو پیشہ ورانہ اعزاز حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔







