آئی جی پی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کا ضلع کوہاٹ کا دورہ، پولیس جوانوں کے دربار سے خطاب

پشاور۔ 01 ستمبر (اے پی پی):انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نےمنگل کے روز کوہاٹ کا دورہ کیا۔سنٹرل پولیس آ فس پشاور تر جمان کے مطابق دورے کے موقع میں پولیس کلب آمد پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ معزز مہمان نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور شہدا کو سلامی پیش کرتے ہوئے ان کی لازوال قربانیوں کو خراج …

پشاور۔ 01 ستمبر (اے پی پی):انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نےمنگل کے روز کوہاٹ کا دورہ کیا۔سنٹرل پولیس آ فس پشاور تر جمان کے مطابق دورے کے موقع میں پولیس کلب آمد پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ معزز مہمان نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور شہدا کو سلامی پیش کرتے ہوئے ان کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔بعد ازاں کوہاٹ پولیس کلب میں کوہاٹ ریجن پولیس کے بہادر جوانوں کیساتھ پولیس دربار کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈی پی او کوہاٹ ایس ایس پی رائے مظہر اقبال نے انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حمید کو خوش آمدید کہا جبکہ ڈی آئی جی کوہاٹ ریجن عرفان طارق نے سپاسنامہ پیش کیا۔

پولیس دربار میں ڈی پی او کوہاٹ ایس ایس پی رائے مظہر اقبال، ڈی پی او ہنگو طارق حبیب، ڈی پی او کرک عمران خان سمیت دیگر پولیس افسران اور جوانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ڈی آئی جی کوہاٹ ریجن عرفان طارق نے کہا کہ بڑے چیلنجز کے باوجود کوہاٹ ریجن پولیس ہمہ وقت تیار اور مستعد ہے۔ عوام کی خدمت اور ان کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ کوہاٹ ریجن پولیس اپنے شہدا کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے امن کے قیام اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفیقار حمید کی قیادت میں پولیس فورس متحد اور پرعزم ہے اور دہشت گردی کے خلاف بھرپور مقابلہ جاری رکھا جائے گا۔

ہمیں اپنے شہدا، غازیوں اور بہادر جوانوں پر فخر ہے، جنہوں نے مشکل ترین حالات میں بھی بہادری اور جانفشانی سے اپنے فرائض انجام دیے۔پولیس دربار کے دوران ٹریفک پولیس، ڈسٹرکٹ پولیس اور مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے پولیس افسران و اہلکاروں نے براہ راست آئی جی پی کے سامنے اپنے مسائل، تجاویز اور مطالبات پیش کیے۔ آئی جی پی نے پولیس اہلکاروں کے مسائل توجہ سے سنے اور متعلقہ افسران کو ان کے حل کے لیے ضروری اقدامات اور احکامات جاری کیے۔اس موقع پر آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید صاحب نے پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی پیشہ ورانہ استعداد کار کو مزید بڑھانے کے لیے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پولیس کو جدید سہولیات، وسائل اور تربیت کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ فورس مزید بہتر انداز میں اپنے فرائض سرانجام دے سکے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ خیبر پختونخوا پولیس کے بہادر جوان مشکل حالات میں بھی سینہ سپر ہو کر ملک و قوم کی حفاظت کر رہے ہیں اور ہمیں اپنے جوانوں پر فخر ہے۔آئی جی پی خیبرپختونخوا نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن فورس کا کردار ادا کر رہی ہے۔ پولیس جوانوں نے قیام امن کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور ان قربانیوں کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ پولیس کی استعداد کار، ویلفیئر اور پیشہ ورانہ سہولیات میں مزید بہتری لائی جائے گی۔

انہوں نے افسران و جوانوں پر زور دیا کہ وہ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی، میرٹ اور قانون کے مطابق برتاو کو یقینی بنائیں، شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور جرائم و دہشت گردی کے خلاف اپنی جدوجہد مزید موثر بنائیں۔علاوہ ازیں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے پولیس جوانوں کے ساتھ ظہرانے میں شرکت کی۔ انہوں نے پولیس جوانوں کے ہمراہ بیٹھ کر کھانا کھایا اور جوانوں سے گھل مل گئے۔ آئی جی پی نے پولیس جوانوں کی خدمات اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس ایک خاندان کی مانند ہے اور جوانوں کی فلاح و بہبود سمیت مسائل کا حل ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔