حکومت قومی پیغامِ امن کمیٹی کے مشن میں مکمل تعاون کرے گی ،وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان
حکومت قومی پیغامِ امن کمیٹی کے مشن میں مکمل تعاون کرے گی ،وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان

مزید خبریں
گلگت۔ 01 ستمبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نےخطے میں فرقہ واریت کے خاتمے، بین المذاہب ہم آہنگی اور دیرپا امن کے قیام کے لیے مشترکہ جدوجہد کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن و امان کی بحالی میں علما کرام کا کردار ہمیشہ کلیدی رہا ہے۔ انہوں نےقومی پیغامِ امن کمیٹی کے سربراہ اور جامعہ الرشید کے مہتمم مفتی عبدالرحیم ، علما کرام اور نیشنل پیغام امن کے رکن رمیش کمار کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہماری مشترکہ پہچان، امید اور طاقت ہے۔
مختلف زبانیں اور ثقافتیں ہماری طاقت ہیں جبکہ ہماری اصل پہچان پاکستان سے ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ نوجوانوں کو یہ پیغام دینا ہوگا کہ ان کا مستقبل نفرت میں نہیں بلکہ علم میں ہے۔ حکومت قومی پیغامِ امن کمیٹی کے مشن میں مکمل تعاون کرے گی کیونکہ امن سے ہی خطے میں روزگار اور سیاحت کو فروغ ملے گا۔ اس موقع پر قومی پیغامِ امن کمیٹی کے سربراہ اور جامعہ الرشید کے مہتمم مفتی عبدالرحیم نے کہا کہ فرقہ واریت ایک ناسور ہے اور قوم کو مسلک سے بالاتر ہو کر ریاست کی ترقی کے لیے کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ گلگت بلتستان حکومت امن کمیٹی کی سرپرستی کرے اور اس کے باقاعدہ اجلاس منعقد کیے جائیں تاکہ فتنہ انگیز عناصر کا سدباب ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ مشترکہ کوششوں سے گلگت بلتستان میں سیاحت کو مزید بہترین بنایا جا سکتا ہے۔اس موقع پر نیشنل پیغام امن کے رکن رمیش کمار نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور تمام برادریاں اپنے تہوار مکمل آزادی کے ساتھ مناتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی، خوشحالی اور تحفظ کے لیے تمام شہری ایک پیج پر ہیں۔علما کے وفد میں جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم ڈاکٹر مفتی نعمان نعیم، علامہ ضیاء اللہ شاہ، مولانا زاہد منصور اور علامہ عارف حسین واحدی سمیت دیگر جید علما کرام شامل تھے۔ پریس کانفرنس کے اختتام پر ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔






