ریسکیو1122 مانسہرہ نے گذشتہ ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی
ریسکیو1122 مانسہرہ نے گذشتہ ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی

مزید خبریں
مانسہرہ۔ 01 ستمبر (اے پی پی):ریسکیو 1122 مانسہرہ نے گذشتہ ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔ منگل کو ترجمان ریسکیو 1122 مانسہرہ کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے اگست 2026 کے دوران ضلع بھر میں مختلف ہنگامی صورتحال میں بروقت، موثر اور پیشہ وارانہ خدمات فراہم کرتے ہوئے عوام کو معیاری ایمرجنسی سہولیات مہیا کیں۔
مون سون سیزن، سیاحتی مقامات پر بڑھتی سرگرمیوں اور مختلف چیلنجز کے باوجود ریسکیو اہلکار ہمہ وقت الرٹ رہے اور ہر ایمرجنسی پر فوری رسپانس کو یقینی بنایا۔ ترجمان کے مطابق ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر مانسہرہ ابرار علی کی سربراہی میں ریسکیو اہلکاروں نے اگست کے دوران مجموعی طور پر 527 ایمرجنسیز پر بروقت رسپانس دیتے ہوئے 513 متاثرین کو ریسکیو سروسز فراہم کیں جبکہ متعدد مریضوں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ہسپتال منتقل کیا۔ گزشتہ ماہ کے دوران ریسکیو اہلکاروں نے227 میڈیکل ایمرجنسیز، 32 ٹریفک حادثات، 9 آگ لگنے کے واقعات، 6 گولی لگنے، 3 ڈوبنے، 18 دیگر متفرق اور 232 ریفرل ایمرجنسیز میں خدمات سر انجام دیں۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر مانسہرہ ابرار علی نے کہا کہ مون سون سیزن کے دوران ضلع بھر میں سیاحتی مقامات اور دیگر حساس علاقوں میں ریسکیو ٹیموں کو ہائی الرٹ رکھا گیا۔
واٹر ریسکیو، میڈیکل، فائر اور ڈیزاسٹر رسپانس ٹیمیں ہر وقت کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں، جبکہ عوام کو دریاؤں، ندی نالوں، لینڈسلائیڈنگ اور دیگر خطرات سے متعلق مسلسل آگاہی بھی فراہم کی جاتی رہی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ریسکیو 1122 کی ہیلپ لائن 1122 کو صرف حقیقی ایمرجنسی کی صورت میں استعمال کریں تاکہ ضرورت مند افراد کو بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔







